سوئٹزرلینڈ:پاکستان اور قطر کی ثالثی میں امریکااورایران کےمذاکرات شروع

پاکستان اور قطر کی ثالثی میں سوئٹزرلینڈ میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔

دوحہ سے جاری قطر کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امریکا اور ایران کے مابین بات چیت پاکستان اور قطر کی ثالثی میں سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوئی ہے۔

قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امید ہے یہ ملاقاتیں مفاہمتی یادداشت میں شامل تمام نکات پر جامع اور مستقل معاہدے کی راہ ہموار کریں گی۔

واضح رہے کہ ایران امریکا جنگ بندی مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے پاکستان، ایران اور امریکا کے وفود سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں۔

پاکستان کی نمائندگی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آج سوئٹزرلینڈ میں تکنیکی سطح کے مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی اور ایرانی وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کے بعد بھی خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ سفارتی کوششوں کا مقصد فریقین کے درمیان اعتماد سازی اور امن عمل کو مزید آگے بڑھانا ہے۔آبنائے ہرمز کی بندش کے اعلان نے مذاکراتی عمل کو مزید پیچیدہ بنا دیا تھا، تاہم سفارتی کوششیں جاری ہیں تاکہ امن عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

Back to top button