مشرف کا اپوزیشن رہنمائوں کو این آر او دینا بڑا ظلم تھا

 وزیراعظم عمران خان نے  سابق آرمی چیف اور صدر مملکت  پرویز مشرف کی جانب سے اپوزیشن لیڈرز کو این آر او دینے کو آئین توڑنے سے بڑا ظلم قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم دیکھتے تھے کہ پاکستان آگے جارہا تھا لیکن پھر پیچھے چلا گیا، 60 کی دہائی میں ہم ترقی کی طرف جارہے تھے مگر آہستہ آہستہ ہمارا ملک اوپر سے نیچے جانا شروع ہوگیا، 30 سالوں میں ملک تیزی سے نیچے گیا اور ہر چیز میں دنیا آگے نکل گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ بنگلادیش بھی پاکستان سے آگے نکل چکا ہے جب کہ قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے۔

وزیراعظم نے اپوزیشن کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ سارے اکٹھے ہوکر حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں، کہتے ہیں ہمارے لیے علیحدہ قانون بنا دو، ہمیں این آر او دے دو، طاقتور ہمیشہ قانون سے اوپر رہنا چاہتا ہے، امیر اور غریب کے لیے الگ قانون ہمارا المیہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پرویز مشرف کے اپوزیشن لیڈرز کو این آر او دینے کو آئین توڑنے سے بڑا ظلم قرار دیا اور کہا کہ مشرف نے این آر او دے کر سب سے بڑا جرم کیا، مشرف نے طاقتور کو این آر او دے دیا، پیسا تو مشرف کا تھا ہی نہیں، پیسا تو قوم کا تھا، ڈکٹیٹر مشرف کے خلاف تحریک میں شامل رہنے پر فخر ہے، بدقسمتی سے وکلا کی تحریک کے جو نتائج آنے چاہیے تھے وہ نہیں آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمزور کو انصاف چاہیے ہوتا ہے، طاقتور انصاف سے اوپر رہنا چاہتا ہے، عدلیہ سے کہتا ہوں ہر ممکن معاونت کریں گے۔

Back to top button