پاکستانی قیادت ٹیکنالوجی کے متعلق لاعلم ہے

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستانی سیاسی قیادت کو ٹیکنالوجی کے متعلق لاعلم قرار دے دیا ، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی نہ اصلاحات میں دلچسپی ہے نہ کسی ایشو پر کوئی پالیسی ہے، نواز شریف اور زرداری ایک بار بھی دھاندلی کے بغیر الیکشن نہیں جیتے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف یا ن لیگ نے کبھی انتخابی اصلاحات کی بات نہیں کی،حکومت جو بھی اصلاحات لاتی ہے یہ گھر بیٹھ کر کہہ دیتے ہیں کہ ہم نہیں مانتے ،ہم عوام کی مدد سے انتخابی اصلاحات لائیں گے۔

انتخابی اصلاحات کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی لیڈرشپ کو ٹیکنالوجی کا کچھ نہیں پتا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آتے رہے ہیں، اپوزیشن کی تمام سیاست عدالتوں سےتاریخیں لینے کےگردگھومتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیادت پالیسیاں طے کرتی ہے، ہم عوام کی مدد سے انتخابی اصلاحات لائیں گے، بلاول اورمریم دھاندلی سے ہی وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جاوید لطیف سیاسی جوکر ہیں ،انہوں نے بڑی سطحی گفتگو کی،بد قسمتی ہے کہ ایسے لوگ بھی رکن قومی اسمبلی ہیں۔کابینہ اجلاس کے حوالے سے فواد چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد میں غریبوں کی زمینیں سستی لے کر من پسند افراد کو دی گئیں، وزیراعظم نے فیڈرل ہاؤسنگ کی رپورٹ کے طریقہ کار پرشدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ میں غیر انڈین پنجابی فلموں کو پاکستان میں دکھانے کی سفارش کی گئی ہے، سنیما بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، بھارتی فلموں کے سواغیر ملکی فلموں کی درآمد پر بھی بات کی گئی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ نیشنل کونسل برائے طب کے ممبران کی منظوری دی گئی ہے، پاکستان میڈیکل کمیشن کےملازمین کے لیے گولڈن ہینڈ شیک کی منظوری بھی دی گئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 31 اگست کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، فیڈرل ہاؤسنگ کی رپورٹ کے طریقے پر وزیر اعظم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ، زمینوں کے حوالے سے کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سردارعلی خان کونیا آئی جی پنجاب تعینات کیا گیا ہے، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے سکیورٹی پلان کی منظوری دے دی گئی ہے۔

Back to top button