ریما خان نے ساتھی اداکارہ کے منہ پر تھپڑ کیوں مارا؟

شوبز کی دنیا میں تنازعات یا اس سے منسلک واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ ایسے میں پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری بھی کسی سے پیچھے نہیں، یہاں بھی آئے روز نت نئے تنازعات، گرما گرم بیانات اور چٹ پٹی خبریں سننے، دیکھنے اور پڑھنے کو ملتی رہتی ہیں۔معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان اور ان کی ایک ساتھی اداکارہ کے درمیان پیش آئے واقعہ کے بارے میں بھی ایک ایسی ہی ہاٹ اینڈ اسپائسی نیوز سامنے آئی ہے۔ حال ہی میں ریما نے ایک نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی اور فلم انڈسٹری سے متعلق مختلف موضوعات اور اپنے تجربات کے حوالے سے کھل کر باتیں کیں۔

پروگرام میں باتیں جاری تھیں کہ اچانک سے ایک تھپڑ کی گونج سنائی دی۔ یہ تھپڑ کسی اور نے نہیں بلکہ ریما نے ایک دوسری پاکستانی اداکارہ کو مارا تھا۔ آپ حیران نہ ہوں، یہ تھپڑ پروگرام کے دوران نہیں پڑا بلکہ پروگرام کے دوران میزبان نے اس کا انکشاف کیا تھا۔ہوا یوں کہ میزبان نے ریما خان کے بولنے کے انداز پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریما بہت ہی تمیز سے بات کرتی ہیں، اور ان کا غصہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے لیکن ایک دفعہ 200 لوگوں کے بیچ انہوں نے ایک اور پاکستانی اداکارہ پر کیوں ہاتھ اٹھایا؟

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ پروگرام کے میزبان نے دوسری اداکارہ کا نام لیے بغیر ریما سے اس واقعہ سے متعلق سوالات اس انداز سے کیے کہ سب کو ہی پتہ چل گیا کہ تھپڑ کھانے والی اداکارہ کون تھیں۔ اصل میں میزبان نے ریما سے سوال میں ایک اداکارہ کی نقل اتارتے ہوئے ’آف کورس‘ کا لفظ استعمال کیا۔

اب تو یقیناً آپ بھی سمجھ گئے ہوں گے کہ یہاں کس کی بات کی جارہی ہے لیکن بہرحال اس سوال کے جواب میں ریما نے بتایا کہ وہ کئی مرتبہ اس اداکارہ کو بدتمیزی کرنے سے روک چکی تھیں۔ انہوں نے کہا، ’اس اداکارہ کو ایک بار منع کیا، دوسری مرتبہ بھی لیکن تیسری بار برداشت نہیں ہوا، میں ایرانی النسل پٹھان ہوں، بس پھر ایک لگا دی‘۔میزبان نے ریما سے پوچھا کہ کیا آج بھی اس اداکارہ کو وہ تھپڑ یاد ہوگا، تو ریما نے ہنس کر جواب دیا کہ ’اس تھپڑ کی گونج قیامت تک رہے گی‘۔ریما نے کہا کے انسان وقت کے ساتھ بہت کچھ سیکھتا ہے، اگر وہ اس وقت تھوڑی اور میچور ہوتیں تو شاید وہ برداشت کرلیتیں اور اپنی ساتھی اداکارہ کو تھپڑ نہ مارتیں۔ ان کے مطابق، خاموشی کبھی کبھی سب سے بڑا جواب ہوتی ہے۔

بالی ووڈ میں کام کرنے کی آفر سے متعلق سوال پر ریما کا کہنا تھا کہ انہیں بالی ووڈ سے کئی آفرز آئیں مگر وہ سمجھتی ہیں کہ بھارت میں پہلے ہی کئی باصلاحیت فنکار موجود ہیں لیکن اس کے باوجود وہ پاکستانی فنکاروں سے کام لینا چاہتے ہیں۔ریما نے کہا کہ بھارت میں کام کا طریقہ دیکھ کر انہیں یہی احساس ہوا کہ عقلمندی اسی میں ہے کہ بالی ووڈ میں کام نہ کیا جائے، پاکستانی انڈسٹری چھوٹی ہے لیکن باعث عزت ہے، ایسے محل کا کیا فائدہ جہاں جاکر شرمندگی کا احساس ہو۔

Back to top button