گلوکار عاطف اسلم نے دائمی کامیابی کا بڑا راز بتا دیا

معروف گلوکار عاطف اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ بعض اوقات گانوں کو لکھنے اور گانے میں کوئی غلطی ہو جائے، نامناسب الفاظ پر مبنی شاعری کو گانے کے بعد اس کا احساس ہو تو وہ خدا سے فوری معافی مانگ لیتے ہیں۔گلوکار کی وائرل ہونے والی ایک مختصر ویڈیو میں عاطف اسلم کو اپنی غلطیوں پر خدا سے معافی مانگنے کی بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو کچھ دن قبل عاطف اسلم کی جانب سے دیئے گئے ایک انٹرویو کی ہے، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر بات کی تھی۔عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ غلط باتوں پر اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور انہوں نے ایسی باتوں پر اعتراض بھی کیا ہے لیکن اگر ان سے کبھی گلوکاری کرتے وقت کبھی کوئی گستاخی کا لفظ نکلا ہے تو بعد میں انہوں نے احساس ندامت میں خدا سے معافی مانگی ہے، گلوکار کے مطابق جو بات غلط ہے، وہ ہمیشہ غلط رہتی ہے اور وہ غلطیوں پر خدا سے معافی کے طلب گار رہے ہیں۔انہوں نے بغیر محنت کیے مختصر مدت میں شہرت کو حاصل کرنے والے گلوکاروں پر بھی بات کی اور کہا کہ آج کل کے دور میں کوئی محنت نہیں کرنا چاہتا، ہر کوئی مختصر مدت میں شہرت حاصل کرنا چاہتا ہے، شہرت حاصل کرنے کا کوئی ایک فارمولہ نہیں ہے لیکن محنت کے بغیر ملنے والی شہرت مختصر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب لوگ راتوں و رات مصنوعی سہاروں کے ذریعے شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں، ذلت، عزت اور شہرت دینا خدا کے ہاتھ میں ہوتا ہے، انسان کو صرف محنت کرنی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی گلوکار سات سال بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں واپسی کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے بھارت میں ہندو انتہا پسند تلملا اٹھے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند رہنما راج ٹھاکرے کی ہدایت پر مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے بالی وڈ پروڈیوسرز کو متنبہ کیا ہے کہ وہ مشہور پاکستانی گلوکار کی ہندی فلموں میں واپسی کا خیرمقدم نہ کریں۔ہندو انتہا پسند جماعت کے سنیما ونگ کے صدر امیا کھوپکر نے کہا کہ عاطف اسلم کو پروجیکٹس میں شامل کرنے کا ارادہ رکھنے والے افراد کو عدالتی حکم کو یاد رکھنا چاہئے اور اسی بناء پر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔

Back to top button