سلوبھائی بھارتی گینگسٹرز کے نشانے پر کیوں آ گئے؟

بالی ووڈ بھائی جان سلمان خان کو کالے ہرن کا شکار ایسا مہنگا پڑا کہ اس کا بدلہ لینے کیلئے بھارتی گینگسٹر اب تک سلمان خان کو سبق سکھانے کے درپے ہیں، سلمان خان کو 2016 کے بعد کئی بار قتل کی کوششیں ہوئیں ، 2023ء شاہ رُخ خان کو زندہ جلانے اور 2016ء میں عامر خان کو بھارت چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئیں۔بالی وڈ کے بھائی جان، سپر سٹار سلمان خان کے گھر حالیہ فائرنگ کے بعد دُنیا بھر میں اُن کے چاہنے والوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، دو روز قبل سلمان خان کے گھر ممبئی میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی سلمان خان کے فلور پر بھی، لگی جہاں تین روز قبل وہ عید کے موقع پر اکٹھے ہونے والے ہزاروں مداحوں کو ہاتھ ہلا کر ویلکم کر رہے تھے، فائرنگ کے دن سلمان خان اور اُن کی فیملی ممبرز گھر پر موجود تھے۔ فائرنگ کی ذمہ داری بھارتی گینگسٹرز لارِنس بشنوئی کے بھائی نے قبول کرلی۔ پولیس نے فائرنگ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔ گینگسٹر لارِنس بشنوئی کئی برسوں سے سلمان خان کی جان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، وہ 2016ء سے سلمان خان کی زندگی کا خاتمہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انتہاء پسندوں کی زد میں شاہ رُخ خان اور عامر خان بھی آ چکے ہیں۔ 2023ء میں فلم پٹھان کے گانے ’’بے شرم رنگ‘‘ کے تنازع پر انتہاء پسندوں نے شاہ رُخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکیاں دی تھیں، جبکہ دوسری جانب 2016ء میں عامر خان سے بھی گینگسٹرز نے بھارت چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا، انتہاء پسندوں نے اس موقع پرعامر خان کو پاکستان جانے کا مشورہ بھی دیا تھا۔ اب ہم بالی وڈ کے سلمان خان کو ملنے والی مسلسل دھمکیوں کے بارے میں تفصیل سے بات کرتے ہیں، یہ سلسلہ فروری 2016ء میں ایک گمنام ٹیلی فون کال سے شروع ہوا تھا، جس میں سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی، بعدازاں ان کی سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی۔جنوری 2018ء میں سلمان خان ممبئی کے فلم سٹی میں اپنی فلم ’’ریس تھری‘‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے کہ اچانک ایک درجن پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے، انہوں نے یہ کہہ کر فلم کی شوٹنگ رُکوا دی کہ سلمان خان کی جان کو خطرہ ہے، اُنھیں فوری طورپر یہاں سے نکالنا ہوگا، اس کے بعد سینئر پولیس حکام کی سخت نگرانی میں سلمان خان کو پولیس کی گاڑی میں اُن کے گھر باندرہ پہنچایا گیا۔ یاد رہے کہ اس واقعے سے چند روز قبل ہی بشنوئی نامی راجستھان کے ایک مافیا کے سرغنہ نے سلمان خان کی زندگی کا خاتمہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ جون 2022ء میں بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان انتہاء پسندوں کے نشانے پر ایک مرتبہ پھر آگئے تھے۔ نومبر 2022ء میں پھر سے سلمان خان کو دھمکیوں کے سلسلے کے بعد ممبئی پولیس کی جانب سے اُنھیں Y کیٹیگری دی گئی تھی۔

Back to top button