اداکارہ یشما گل، ہانیہ عامر کی ہسپتال میں ایک ساتھ ویڈیو وائرل

معروف پاکستانی اداکارہ یشما گل آج کل سرجری کے لیے ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ اداکارہ ہانیہ عامر ان کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچیں تو ڈاکٹر سے یہ کہتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی کہ یشما گل بچ تو جائیں گی نا؟شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو کو یشما گل نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا، اداکارہ نے ہسپتال میں مختلف اداکاروں کے ساتھ ہسپتال میں کھچوائی گئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اپنے مشکل وقت سے متعلق بتایا اور ساتھ ہی شوبز کے دوستوں اور خصوصی طور پر ہانیہ عامر کا شکریہ بھی ادا کیا۔یشما گل نے رواں برس فروری میں ہسپتال کے بستر کے ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو دعا کی اپیل کی تھی اور بتایا تھا کہ ان کی سرجری ہونی ہے، اب انہوں نے اپنی صحت اور ہسپتال میں گزارے گئے وقت سے متعلق مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سرجری کے بعد مکمل صحت یاب ہونے میں ابھی کچھ وقت ہے لیکن اب وقت آ چکا ہے کہ وہ مشکل دنوں میں ساتھ دینے والے دوستوں کا شکریہ ادا کریں۔یشما گل نے بیماری کے وقت دعائیں کرنے پر مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا جب کہ متعدد شوبز شخصیات کو مینشن کرتے ہوئے ان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔بیماری کے وقت ہانیہ عامر، دنانیر مبین، اریبہ حبیب، کومل میر، صبور علی، ژالے سرحدی،منشا پاشا اور طوبیٰ انور نے ان کا خصوصی خیال رکھا۔ اداکارہ نے پوسٹ میں دوستوں کی جانب سے اپنے ساتھ ہسپتال میں قیام کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں، جس میں سے ہانیہ عامر کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔مختصر ویڈیوز میں ہانیہ عامر کو ہسپتال کے سٹاف سے مذاق میں پوچھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ یشما گل بچ تو جائیں گی نا؟ ایک اور ویڈیو میں ہانیہ عامر اپنی دوست یشما گل کے ساتھ کھانا کھاتی دکھائی دیں جب کہ ایک ویڈیو میں وہ ان کے ساتھ ہسپتال کے بستر پر سوتی دکھائی دیں۔ یشما گل اور ہانیہ عامر کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے اداکارہ کی مکمل صحت یابی کی دعائیں کرتے ہوئے انہیں خوش قسمت قرار دیا کہ ان کے دوست ان کا خیال رکھنے والے ہیں۔ یشما گل نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کس وجہ سے سرجری کروائی؟ تاہم بتایا کہ انہیں مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں مزید کچھ دن لگیں گے۔

Back to top button