آئی ایم ایف کا نیا قرض عوام کو کتنا مہنگا پڑنے والا ہے؟

عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے نئے بیل آئوٹ پیکیج کے لیے پاکستان میں فروخت ہونے والی ادویات سمیت تمام اشیا پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگانے کی پیشگی شرط نے حکومت کوشدید مشکل میں ڈال دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیکس سے متعلق شرائط پر بجٹ میں فوری عمل درآمد کی اجازت نہیں دی بلکہ اس کے بجائے وزارت خزانہ کو دوبارہ تیاری کی ہدایت کی ہے۔ ان شرائط کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے ٹیکس وصولی کا ہدف 12ہزار900 ارب روپے کے قریب مقرر کرنا ہوگا جو اس مالی سال کے متوقع 9.23 ٹریلین روپے سے 40 فیصد زیادہ ہے۔۔12.9ٹریلین روپے کے ہدف کا مطلب ہے ایف بی آر کو ایک سال میں 3ہزار700ارب روپے اضافی صرف ایک سال میں وصول کرنا ہوں گے، جو خراب معیشت کی وجہ سے قریباً نا ممکن ہے۔ قبل ازیں وزارت خزانہ نے وزیراعظم کوبتایا تھا آئندہ مالی سال کے ٹیکس اہداف 12.4ٹریلین روپے ہے ،جسے بڑھا کر12.9کھرب روپے کردیاگیا۔
آئی ایم ایف مشن کے واپس جانے کے چند گھنٹے بعد وزارت خزانہ نے جمعہ کو پہلی جامع بریفنگ دی۔ گزشتہ ہفتے وزیراعظم کو آئی ایم ایف کی جانب سے بجٹ کے مجموعی حجم اور اخراجات سے متعلق شرائط کے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا اگلے بیل آؤٹ پیکج کی دیگر پیشگی شرائط میں جولائی سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، گیس کی قیمتیں ایڈجسٹ کرنا اور آئی ایم ایف کی ہدایت کے مطابق نئے بجٹ کی منظوری حاصل کرنا شامل ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کوبتایا گیا اگر پاکستان سیلز ٹیکس میں چھوٹ واپس لینے کی شرط پر عمل درآمد کرتا ہے تو پاکستان میں فروخت ہونے والی تمام اشیا پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنا ہو گا، سوائے ضروری کھانے پینے کی اشیاء اور جو خودمختار سودوں کے تحت محفوظ ہیں۔وزیراعظم کوبتایا گیا تمام سیلز ٹیکس چھوٹ واپس لئے بغیر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ممکن نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے آئی ایم ایف کی شرائط جاننے کے بعد فوری فیصلہ نہیں کیا بلکہ وزارت خزانہ کو ان اقدامات پر نظرثانی کرنے کو کہا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اور ملاقات اگلے ہفتے متوقع ہے۔

پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے تمام شرائط کے نفاذ سے عوام پر غیر معمولی بوجھ پڑے گا اور کچھ شرائط دوطرفہ تعلقات پر اثرانداز ہوں گی۔ آئی ایم ایف نے معاہدے کو ایگزیکٹو بورڈ کی پیشگی منظوری سے جوڑ دیا ہے۔آئی ایم ایف نے اپنے بیان میں کہا اس کے مشن چیف ناتھن پورٹر کی قیادت میں آئی ایم ایف کا وفد دو ہفتے تک پاکستان میں رہا اور اہم فریقین سے ملاقات کی۔

 

Back to top button