این اے 48 میں مبینہ دھاندلی: لیگی امیدوار راجا خرم نواز پر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد

این اے 48 کے مبینہ دھاندلی کیس میں الیکشن ٹربیونل اسلام آباد کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ن لیگ کے کامیاب امیدوار راجا خرم نواز اور ریٹرننگ افسر پر 15، 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

الیکشن ٹریبونل میں اسلام آباد کے حلقے این اے 48 اور 46 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے فارم 45، 46 اور 47 کی مصدقہ نقول ٹربیونل میں جمع کروائیں۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ ریٹرننگ افسر آخری بار عدالت میں کیوں پیش نہیں ہوا، مجھے اس بات کا جواب چاہیے، آر اوز کا علیحدہ کردار ہے، اور پریزائیڈنگ افسران کا علیحدہ، آج بھی ریٹرننگ افسر نہیں آئے، 15 ہزار جرمانہ عائد کرتے ہیں۔ الیکشن ٹریبونل نے کہا آخری موقع دیتے ہیں، کورٹ کے آرڈر پر عمل درآمد نہ ہوا تو جیتنے والے امیدوار کی رکنیت معطل ہوگی، عدالت کے حکم پر عمل درآمد لازمی ہے، ورنہ اس کے نتائج ہوں گے، جو عدالت آئے ہیں وہ جواب دیں، جو نہیں آئے ان کے خلاف آرڈر ہوگا۔

بعد ازاں عدالت نے این اے 46 اور 48 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواستوں کو الگ الگ کردیا، جب کہ  ٹربیونل نے این اے 48 سے جیتنے  والے امیدوار راجا خرم نواز اور ریٹرننگ افسر پر 15 ، 15 ہزار روپے جرمانہ  بھی عائد کردیا۔

بعد ازاں این اے 48 سے متعلق الیکشن اپیل کی سماعت 6 جون تک ملتوی کردی گئی۔

Back to top button