رؤف حسن کے بھارتی روابط سے پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا بےنقاب ہوگیا :  عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ رؤف حسن کے بھارتی روابط سے پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہوگیا، فیض نیازی گٹھ جوڑ ن پاک فوج مخالف بیانیے بھی مل کر چلائے تاکہ ادارےمیں تقسیم کاتاثر دیا جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ رؤف حسن نےبھارتی صحافی کو اشتعال انگیز اور خوف ناک پیغامات بھیجے ہیں، پی ٹی آئی کا ملک دشمنی پر مبنی ایجنڈا ایک بار پھر بے نقاب ہوچکا ہے، فارن فنڈڈ اورملک دشمن ایجنڈے پرکار بند جماعت غیر ملکی آقاؤں کاسہارا لےرہی ہے،فارن فنڈڈ جماعت نےپہلے سائفر کےذریعے ملک کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نےالزام عائد کیاکہ پی ٹی آئی بھارت کا اسپانسرڈ ایجنڈا لےکر چل رہی ہے،پی ٹی آئی کو بھارتیوں نےبیرون ملک سےفنڈنگ کی جو تحقیقات میں سامنےآچکی، فارن فنڈڈ ٹولے نے ملک دشمنی کی ہرحد عبورکرلی، اب سمجھ آرہی ہے کہ 9 مئی کےحملے کیوں کیےگئے۔ان کا یہ بھی کہناتھا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سوشل میڈیا سیل ملک دشمنوں سےروابط کابڑا ذریعہ تھا، پی ٹی آئی کےسوشل میڈیا سیل کےذریعے فوج اور سپہ سالار کےخلاف مہم چلائی جا رہی تھی۔رؤف حسن کے بھارتی صحافی سے رابطےثابت کرتےہیں کہ وہ ملک دشمن قوتوں کےکہنے پر مہم چلارہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی کا اصل ہدف پاکستان کےقومی مفادات اور فوج کو نقصان پہنچاناتھا،یہ لوگ پاکستان میں بیٹھ کر بھارتی ایجنڈا پورا کر رہے ہیں،دہشت گردوں کو بھی اسی لیےلائےکہ بھارتی ایجنڈا پورا ہوسکے۔

فیض حمید سےمتعلق وفاقی وزیر اطلاعات کاکہنا تھاکہ  فیض حمید عمران خان کا اہم سیاسی مہرا ثابت ہواہے، ثابت ہوگیا مرشد کا مؤکل فیض تھا، ”فیض“ مرشد کا نہیں بلکہ ”فیض حمید“ کاتھا۔انہوں نے کہاکہ فیض نیازی گٹھ جوڑ کےتانے بانے بشریٰ بی بی سے ملتے ہیں جو اس گٹھ جوڑ کاایک کردار تھیں،فیض،نیازی اور بشریٰ گٹھ جوڑ نے اپنےاپنے مذموم مقاصد کےلیے ملک کو نقصان پہنچایاہے، فیض نیازی گٹھ جوڑ نےتاثر پیدا کرنےکی کوشش کی کہ فوج میں کسی قسم کی کوئی تقسیم ہے۔

Back to top button