تین ہزار برس قدیم ’چیختی ممی‘کی پراسرارموت کامعمہ حل

سائنس دانوں نے تین ہزار سال قبل ہلاک ہونے والی ایک مصری خاتون کی پراسرار موت کا معمہ حل کرنے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔
یہ خاتون اپنی خوف زدہ اور چیخنے جیسی شکل کے باعث ’چیختی ہوئی عورت‘ کے نام سے مشہور ہے۔ 1935 میں آثارِ قدیمہ کے ماہرین نے اس کی ممی دریافت کی تو اس کے چہرے کے تاثرات نے ماہرین کو حیران کر دیا۔
ابتدا میں خیال کیا گیا کہ شاید ناقص طریقے سے ممی بنانے کی وجہ سے اس کا منہ کھلا اور چہرہ چیخنے کی حالت میں رہ گیا لیکن نئی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اس خاتون کی تدفین انتہائی شاہانہ انداز میں کی گئی تھی۔
اسے مہنگے درآمد شدہ سامان کے ساتھ دفن کیا گیا، جس میں لوبان اور جونیپر ریسنز شامل تھی۔ خاتون نے کھجور کے پتوں کے ریشوں سے بنی وگ پہن رکھی تھی، جسے مہنگی سرخی مائل مہندی سے رنگا گیا تھا اور کرسٹل نما پاؤڈر سے سجایا گیا تھا۔
