پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات میں کمی ریکارڈ

ملک میں  پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

درآمدات میں سالانہ38.34 فیصد کمی

 رپورٹ کےمطابق اکتوبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں سالانہ38.34 فیصد کمی ہوئی۔اکتوبر میں7لاکھ34ہزار ٹن سےزائد پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں۔پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 39 کروڑ 84 لاکھ ڈالرز رہا، گزشتہ سال اکتوبر میں 9 لاکھ 28 ہزار ٹن پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئی تھیں۔گزشتہ سال اکتوبر میں پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 64 کروڑ 61 لاکھ ڈالرز تھا۔

دستاویز کے مطابق اکتوبر میں خام تیل کی درآمدات میں بھی 43.26 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، ایک ماہ کے دوران 5 لاکھ 71 ہزار ٹن سے زائد خام تیل درآمد کیا گیا۔اکتوبر میں خام تیل کا درآمدی بل 30 کروڑ 62 لاکھ ڈالرز سے زائد تھا۔

8 لاکھ64ہزار708ٹن خام تیل درآمد

سرکاری دستاویزکےمطابق گزشتہ مالی سال اکتوبر میں 8 لاکھ 64 ہزار 708 ٹن خام تیل درآمد کیا گیا تھا، گزشتہ سال اکتوبر میں خام تیل کا درآمدی بل 53 کروڑ 97 لاکھ81 ہزار ڈالرز تھا۔اکتوبر میں نیچرل لیکویڈ گیس کی درآمدات کا حجم 27 کروڑ89 لاکھ ڈالرز سے زائد رہا، اکتوبر کے دوران پیٹرولیم گیس کی درآمدات میں سالانہ20 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

اکتوبر کے دوران پیٹرولیم گیس کی درآمدات کا حجم7 کروڑ 79 لاکھ ڈالرز سے زائد رہا، اکتوبر میں پیٹرولیم شعبےنےمجموعی طور پر1 ارب ڈالرزسے زائد کی درآمدات کیں۔اکتوبر میں پیٹرولیم شعبے کی مجموعی درآمدات میں سالانہ 30.55 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر میں پیٹرولیم شعبے کی مجموعی درآمدات ایک ارب 53 کروڑ ڈالرز تھیں، رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر پیٹرولیم شعبے کی مجموعی درآمدات5.11 ارب ڈالرز رہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بغیر کسی رد وبدل کےمستحکم رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 نومبر سے یکم دسمبر تک بغیر کسی ردوبدل کے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پٹرول کی قیمت 248 روپے 38 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 255 روپے 14 پیسے فی لٹر پر مستحکم رہے گی۔

واضح رہے کہ یکم نومبر کوحکومت نے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے اضافہ کیا تھا۔

Back to top button