اداکار بلال اشرف کا ڈراموں کی دنیا میں قسمت آزمائی کا فیصلہ

فلمی دنیا میں نام کمانے والے معروف اداکار بلال اشرف نے خود کو چھوٹی سکرین پر بھی منوانے کی ٹھان لی ہے، اداکار بہت جلد اداکارہ مایا علی کے ساتھ ٹی وی ڈرامہ میں دکھائی دیں گے، بلال اشرف ایک ہے نگار، رنگریز اور یلغار سمیت دیگر ہٹ فلموں میں فن کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ بلال اشرف اور اداکارہ مایا علی نے ڈرامے کی شوٹنگ بھی شروع کر دی ہے، بلال اشرف نے انسٹا گرام پر ڈرامے کی شوٹنگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ڈرامے کا نام ’یوں ہی‘ ہے جس کی ہدایات احتشام الدین دے رہے ہیں جب کہ اسے مومنہ درید پروڈیوس کر رہی ہیں اور اسے ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔
ڈرامے میں مایا علی اور بلال اشرف اہم کردار میں دکھائی دیں گے اور دونوں پہلی بار چھوٹی اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دیں گے، اس سے قبل اگرچہ مایا علی فلموں سمیت ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں، تاہم بلال اشرف پہلی بار چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیں گے۔ بلال اشرف نے فلموں سے شوبز کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور گزشتہ برس وہ پہلی بار ٹیلی فلم ’ایک ہے نگار‘ میں ماہرہ خان کے ساتھ دکھائی دیئے تھے جب کہ اس سے قبل وہ بڑے پردے کی فیچر فلموں میں دکھائی دیتے رہے ہیں۔ مایا علی اور بلال اشرف پاکستان سپر لیگ کی کرکٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے برانڈ ایمبیسڈر بھی رہ چکےہیں جب کہ دونوں نے متعدد برانڈز کے لیے فوٹوشوٹ بھی کرا رکھے ہیں۔
پی ٹی آئی اراکین کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کیخلاف درخواست مسترد
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’یوں ہی‘ کی کہانی کس موضوع کے گرد گھومتی ہے اور اس میں بلال اشرف کا کیا کردار ہوگا، ممکنہ طور پر ڈرامے کی کہانی رومانوی ہوگی اور دونوں اداکاروں کو جوڑی کے طور پر دکھائے جانے کا امکان ہے۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ اور مزید معلومات سے متعلق فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم خیال کیاجا رہا ہے کہ اس حوالے سے جلد مزید معلومات کا اعلان کر دیا جائے گا، ممکنہ طور پر ’یوں ہی‘ کو رواں برس کے اختتام تک نشر کردیا جائے گا۔
