علیمہ خان کادوسرا بیٹاشیرشاہ بھی کوٹ لکھپت جیل سے رہا

اے ٹی سی لاہور سے 4 ستمبر کو ضمانت ملنے کے بعد علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔

عدالت نے 4 ستمبر کو ’جناح ہاؤس حملہ کیس‘ میں شیر شاہ کی ضمانت منظور کی تھی جبکہ اُن کے بھائی شاہ ریز خان کو بھی گزشتہ روز ضمانت کی منظوری کے بعد رہائی مل گئی تھی۔

لاہور پولیس نےعلیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو 22 اگست کے روز ان کی رہائش گاہ کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔شیر شاہ کو ابتدائی طور پر 5 روزہ جسمانی ریمانڈ اور بعد ازاں 28 اگست کو انہیں 14 روز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

شیرشاہ کے وکیل رانا مدثر نےبتایا کہ شیر شاہ کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے، انہوں نے شیر شاہ کے ہمراہ تصویر کو بھی سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر شیئر کیا۔

2 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں، اے ٹی سی نے استغاثہ کو 5 ستمبر تک کی مہلت دی تھی تاکہ شیرشاہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست کے ریکارڈ کو عدالت میں پیش کیا جا سکے۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی، جہاں شیر شاہ کی نمائندگی وکیل رانا مدثر عمر نےکی، دورانِ سماعت رانا مدثر نے نشاندہی کی کہ استغاثہ نے اب تک جناح ہاؤس حملے کے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہیں کیا۔

 

Back to top button