بلاول بھٹوکاوزیراعظم سےرابطہ،کسانوں کےمسائل سےآگاہ کردیا

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کاوزیراعظم شہبازشریف کوفون،سیلاب سے متاثرہ کاشت کاروں کے تحفظات سے انہیں آگاہ کردیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو حالیہ سیلاب کے دوران پنجاب کے کسانوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں اور کہا کہ موجودہ سیلاب کی وجہ سے پنجاب میں زراعت کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے وزیراعظم سےکہا کہ وفاق کو پنجاب بھر کے کسانوں کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے کسانوں کو ریلیف فراہم کرے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں آفت زدہ قرار دیئے گئے اضلاع کے کسانوں کے بجلی کے بلز معاف کیے جائیں، زرعی قرضوں کی ادائیگی کو بھی معاف یا پھر تاخیر سے ادائیگی کی رعایت فراہم کی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف سے کسانوں کی دادرسی کےلیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت انہیں نقد رقم ٹرانسفر کی درخواست بھی کی۔
