بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک بنایا جا سکے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم اجلاس میں مجموعی اقتصادی صورتحال، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی میں نجی شعبہ کلیدی کردار ادا کرے گا اور اس کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مثبت معاشی رجحان اس بات کا عکاس ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستانی معیشت پر اعتماد کرتے ہیں۔ حکومت عوامی فلاح و بہبود اور روزگار کے نئے مواقع بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کے تمام وسائل استعمال کرے گی۔
وزیراعظم کامزید کہنا تھا کہ جاری معاشی و اقتصادی اصلاحات نے معیشت کو نئی سمت دی ہے اور شفاف پالیسیوں کی بدولت پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ تجارت کے فروغ کو بھی حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
