مبینہ زیادتی کیس : مانچسٹر پولیس نے کرکٹر حیدر علی سے متعلق تفصیلات جاری کردیں

گریٹر مانچسٹر پولیس نے پاکستانی کرکٹر حیدر علی سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں ہیں۔ حیدر علی پر الزام ہے کہ وہ برطانیہ میں پاکستان شاہینز ٹیم کے دورے کے دوران ایک مبینہ زیادتی کیس میں ملوث پائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، گریٹر مانچسٹر پولیس نے بتایا ہے کہ پیر، 4 اگست 2025 کو زیادتی کی ایک رپورٹ موصول ہونے پر ایک 24 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔ یہ واقعہ مبینہ طور پر بدھ، 23 جولائی 2025 کو مانچسٹر کے ایک مقام پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، مذکورہ شخص کو مزید تفتیش تک ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے،جب کہ متاثرہ فرد کو مکمل معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
دورہ لندن کے دوران تنازع: پی سی بی نے کرکٹرحیدرعلی کو معطل کر دیا
یاد رہے کہ کرکٹر حیدر علی پر الزامات سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کیا ہے کہ کرکٹر کو فوجداری تحقیقات مکمل ہونے تک عبوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے میں کہاگیاکہ وہ برطانیہ کے قانونی نظام اور ضوابط کا مکمل احترام کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اس معاملے کی آزاد اور مکمل تحقیقات ناگزیر ہیں۔ اسی لیے پی سی بی نے فیصلہ کیا ہےکہ حیدر علی کو فوری طور پر عبوری معطلی میں رکھا جائے، جو تحقیقات مکمل ہونے تک برقرار رہےگی۔
اعلامیے میں مزید کہاگیا ہےکہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کےبعد جب تمام حقائق سامنے آجائیں گے، تو پی سی بی اپنے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت مناسب اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
