آبنائے ہرمز پر قبضے کیلئے امریکا کا نیا منصوبہ تیار

آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی حفاظت اور جہازرانی کی بحالی کے لیے امریکا نے ایک نیا بین الاقوامی اتحاد تشکیل دینے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اس مجوزہ اتحاد کا مقصد خطے میں تجارتی جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اتحاد کو “میری ٹائم فریڈم کنسٹرکٹ (MFC)” کا نام دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ نے مختلف ممالک میں موجود اپنے سفارتخانوں کو ایک مراسلہ بھیجا ہے، جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دیگر ممالک کو اس اتحاد کا حصہ بننے پر آمادہ کریں۔
ذرائع کے مطابق یہ مجوزہ اتحاد معلومات کے تبادلے، سفارتی رابطہ کاری اور پابندیوں کے مؤثر نفاذ پر کام کرے گا، تاکہ خطے میں بحری سیکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکے اور جہازرانی کو درپیش خطرات میں کمی لائی جا سکے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس منصوبے میں امریکی محکمہ خارجہ اور سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) مشترکہ طور پر کردار ادا کریں گے۔ محکمہ خارجہ سفارتی سطح پر رابطے قائم کرے گا جبکہ سینٹکام تجارتی جہازرانی کے لیے ریئل ٹائم بحری معلومات اور سیکیورٹی تعاون فراہم کرے گا۔ایک سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق یہ منصوبہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے موجود مختلف پالیسی آپشنز میں سے ایک ہے، جس کا مقصد خطے میں اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
