بھارت پر امریکی پابندیوں کے خطرات کیوں منڈلانے لگے؟

جعلی دستاویزات کے ذریعے ایران سے تجارت کرنے پر بھارت پر امریکی پابندیوں کے خطرات منڈلانے لگے۔ جلعسازی کرنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو ایک بار پھر عالمی سطح پر تنقید کا سامنا ہے، اس بار وجہ ایک مبینہ درآمدی اسکینڈل بنا ہے جس میں ایرانی نژاد یوریا کی بھارت میں جعلی شپنگ دستاویزات کے ذریعے درآمد کا انکشاف ہوا ہے۔ جس سے نہ صرف بھارت پر بین الاقوامی پابندیوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں بلکہ بھارت کی اس حرکت نے ریگولیٹری اور نگرانی کے نظام پر بھی سنگین سوالات اٹھا دئیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ کارگو بھارتی کمپنی آدیتیہ برلہ گلوبل ٹریڈنگ سے منسلک تھا، جس نے ابتدائی طور پر اس یوریا کو ایران کی عسلوئیہ بندرگاہ سے لوڈ کیا۔ تاہم بعد میں شپنگ دستاویزات میں تبدیلی کر کے اس کا مبینہ ماخذ عمان ظاہر کیا گیا، جس پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی پابندیوں سے بچنے کی کوشش ہو سکتا ہے۔ اس انکشاف کے بعد یہ معاملہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے کیونکہ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف پابندیوں کے نظام کی خلاف ورزی کے زمرے میں آئے گا بلکہ بھارت کی بین الاقوامی تجارتی ساکھ پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔
مبصرین کے مطابق مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ بھارت کی وزارتِ کیمیکلز و فرٹیلائزرز کی جانب سے اس شپمنٹ کی منظوری پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق متعلقہ حکام نے مبینہ طور پر مکمل تصدیق کے بغیر اس درآمد کو کلیئر کر دیا، جس نے سرکاری اداروں کی شفافیت اور نگرانی کے نظام پر بحث کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کیس کے نتیجے میں بھارت کو امریکی پابندیوں کے نظام OFAC کے تحت بھی ممکنہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ اس نوعیت کی تجارت کو عالمی مالیاتی اور تجارتی پابندیوں کے تناظر میں نہایت حساس سمجھا جاتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صرف ایک تجارتی معاملہ نہیں بلکہ ایک بڑے نظامی مسئلے کی نشاندہی کرتا ہے، جس میں عالمی پابندیوں، سپلائی چین کی شفافیت، اور ریاستی اداروں کی نگرانی کے کردار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔فی الحال یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر زیر بحث ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس پر مزید تحقیقات ہوں گی، جن کے نتیجے میں ممکنہ طور پر قانونی اور سفارتی کارروائیاں بھی سامنے آ سکتی ہیں۔ اس کیس کے باعث بھارت کو امریکی پابندیوں کے نظام او ایف اے سی کے تحت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
