پاکستان میں اے لیول کا ریاضی کا پرچہ کیسے لیک ہوا؟

پاکستان میں اے لیول کے امتحانی نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان اُس وقت لگ گیا جب ایڈوانس سبسڈیری میتھمیٹکس کا پرچہ امتحان سے چند گھنٹے قبل مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر لیک ہو گیا۔ اس واقعے نے ہزاروں طلبہ، والدین اور اساتذہ کو شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی میں مبتلا کر دیا ہے، کیونکہ ان کے مطابق اس پیشرفت سے طلبا کی ایک سال کی محنت، بھاری ٹیوشن فیسیں اور امتحانی تیاری سب کچھ ضائع ہو گیا ہے۔

کیمبرج انٹرنیشنل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ متعلقہ امتحانی پرچہ ان کے قواعد کے خلاف وقت سے پہلے شیئر کیا گیا تھا۔ ادارے کے مطابق یہ معاملہ نہ صرف سنگین ہے بلکہ اس کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ لیک ہونے والا پرچہ کس حد تک پھیلا اور اس کے پیچھےاصل ذمہ دار کون ہے۔ کیمبرج نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ طلبہ آئندہ امتحانات کی تیاری جاری رکھیں اور ان کے مفادات کو نقصان سے بچانے کی کوشش کی جائے گی۔

پاکستان کے انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) نے بھی اس معاملے پر کیمبرج سے باضابطہ رپورٹ طلب کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ والدین اور طلبہ کی جانب سے امتحانی نظام کی شفافیت پر شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ریڈ اٹ اور واٹس ایپ پر پرچے کے حل شدہ اور غیر حل شدہ نسخوں کی گردش نے اس تنازعے کو مزید بڑھا دیا ہے۔

طلبہ اور والدین کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ ایک طالب علم کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو یہ خبر امتحانی مرکز پہنچنے سے پہلے ملی، جس کے باعث وہ شدید پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔ بعض صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پرچہ امتحان سے کم از کم چھ گھنٹے پہلے ہی آن لائن گردش کر رہا تھا، جبکہ کچھ رپورٹس کے مطابق اسے مبینہ طور پر فروخت بھی کیا جا رہا تھا۔ایک متاثرہ طالب علم کے مطابق “ایک سال کی پوری محنت ضائع ہو گئی ہے”، جبکہ کئی والدین کا کہنا ہے کہ اگر گریڈنگ کسی اور پرچے کی بنیاد پر کی گئی یا دوبارہ امتحان سخت حالات میں لیا گیا تو یہ طلبہ کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔ اس صورتحال نے نہ صرف طلبہ بلکہ تعلیمی نظام کی ساکھ کو بھی متاثر کیا ہے۔

ماہرین تعلیم کے مطابق یہ واقعہ امتحانی نظام کی کمزوریوں کو ظاہر کرتا ہے، جہاں ڈیجیٹل دور میں پرچے کی سیکیورٹی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بار بار ایسے واقعات کا سامنے آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ نگرانی اور کنٹرول کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

کیمبرج پاکستان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اس نوعیت کے واقعات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ طلبہ کو غیر ضروری نقصان نہ پہنچے۔ ادارے کے مطابق ایسے معاملات میں گریڈز کی ساکھ اور انصاف دونوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں۔ مزید یہ کہ تحقیقات کے نتائج اور آئندہ اقدامات کا اعلان 7 مئی کو کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف ایک امتحانی لیک کا معاملہ ہے بلکہ اس نے پاکستان میں بین الاقوامی امتحانی نظام کی شفافیت، سیکیورٹی اور اعتماد پر بھی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا اس نظام کو واقعی مزید محفوظ بنایا جا سکے گا یا طلبہ کو مستقبل میں بھی اسی طرح کے بحرانوں کا سامنا رہے گا۔

Back to top button