مئی میں بھی موٹرسائیکل مالکان کو دوہزار ملیں گے

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد وفاقی حکومت نے موٹرسائیکل سواروں اور پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے گزشتہ ماہ دی جانے والی سبسڈی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد جہاں گڈزٹرانسپورٹرز کو فیول پر 70ہزار روپے ماہانہ ریلیف دیا جائے گا وہیں گزشتہ ماہ کی طرح اپریل میں بھی موٹر سائیکل مالکان کو دو ہزار روپے کیش ملے گا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ بلند قیمتوں کے پیش نظر معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافے کو روکنے اور ریلیف اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے تاکہ اس کے فوائد براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکیں۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مشکل معاشی حالات میں عوام کے لیے اربوں روپے کا ریلیف پیکیج فراہم کیا ہے اور حکومت کوشش کرے گی کہ دستیاب وسائل کے مطابق عوام کو ریلیف ملتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور خطے کی صورتحال بہتر ہونے پر پیٹرولیم قیمتوں میں استحکام کی امید ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں مخصوص طبقات کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کیا تھا۔ وزیر خزانہ کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کو 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے ڈیزل پر بھی 100 روپے فی لیٹر ریلیف شامل ہے۔ پروگرام کے تحت ’ٹرک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو فیول پر 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ چھوٹے زمینداروں کے لیے فی ایکڑ 1500روپے سبسڈی دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔‘

Back to top button