تیسری شادی کے بعد عامر لیاقت کا وزیراعظم بننے کا اعلان

تیسری شادی پر وزیراعظم عمران خان سے داد وصول کرنے والے مذہبی سکالر اور حکمران جماعت کے ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت نے اپنے اگلے ہدف کا اعلان کر دیا ہے، جی ہاں ! ڈاکٹر عامر لیاقت نے تین شادیوں کے بعد اب وزیراعظم پاکستان بننے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ عامر لیاقت حسین کا خیال ہے کہ شاید تیسری شادی کرنے والا ہر شخص ملک کا وزیراعظم بن جاتا ہے اس لیے وہ عمران کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اب ان کی کرسی چھیننے کے چکر میں پڑ گئے ہیں۔
تیسری بار رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد، ان دنوں عامر لیاقت خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں اور مختلف ٹی وی چینلز پر جلوہ افراوز ہو رہے ہیں، ایک نجی ٹی وی پر اپنا سال 2023 کا ہدف بتاتے ہوئے عامر لیاقت نے بتایا کہ انہیں تیسری بیوی سے چوتھی شادی کی اجازت تو مل گئی ہے، لیکن تیسری شادی کے بعد ان کا اگلا ہدف وزیراعظم بننا ہے۔
دوسری جانب عامر لیاقت کی نئی بیوی سیدہ دانیہ شاہ نے کہا کہ میں نے عامر کو چوتھی شادی کی اجازت دے دی ہے کیونکہ یہ میرا حق نہیں کہ میں انہیں ایسا کرنے سے روکوں، ان کی اپنی مرضی ہے، دانیہ شاہ نے کہا کہ اگر میں انہیں پیار دوں گی تو یہ میرے ساتھ رہیں گے لیکن اگر میں انہیں عزت اور محبت نہیں دوں گی تو یہ یقیناَ وہ چوتھی شادی کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔
اہنی اہلیہ کی بات سُن کر عامر خوشی سے ہنسنے لگے جبکہ پروگرام کے میزبان بھی مُسکرانے لگے، خیال رہے کہ عامر لیاقت نے لودھراں سے تعلق رکھنے والی خود سے 34 برس چھوٹی 18 سالہ دانیہ سے تیسری شادی کی ہے۔ 51 سالہ عامر لیاقت نے بتایا کہ دانیہ کا تعلق شریف گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ انہوں نے اپنی پہلی دونوں بیویوں کو نہ تو طلاق دی اور نہ ہی خلع کے کاغذات پر دستخط کیے۔
مقتول ٹک ٹاکر قندیل بلوچ کو انصاف کیوں نہ مل سکا؟
ایک سوال کے جواب میں عامر لیاقت اپنی تیسری بیوی دانیہ شاہ کے پیدائش کے سال بتانے میں گڑبڑا گئے۔ انہوں نے پہلے بتایا کہ دانیہ شاہ 2007 میں پیدا ہوئیں، پھر بتایا کہ وہ 2003 میں پیدا ہوئیں، اس موقع پر دانیہ شاہ نے بتایا کہ جب وہ بچپن میں روتی تھیں تو انکی والدہ ٹی وی پر انہیں عامر لیاقت کا پروگرام لگا دیتی تھیں لہذا وہ چپ ہو جایا کرتی تھیں۔
دانیہ نے بتایا کہ انہیں منہ دکھائی میں شوہر نے گاڑی بطور تحفہ دی ہے اور وہ ہنی مون کے لیے تھائی لینڈ جائیں گے، عامر لیاقت حسین نے پہلی دونوں بیویوں کے معاملے پر بھی کھل کر باتیں کیں۔ انہوں نے دونوں کی تعریفیں کیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
عامر لیاقت نے بتایا کہ اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات وہ خود اٹھا رہے ہیں اور ان کے بیٹے احمد کی عمر 22 سال ہو چکی ہے، پہلی بیوی کو بچوں کی خاطر 8 کروڑ روپے مالیت کا گھر دیا، جس میں وہ اس وقت رہائش پذیر ہیں جبکہ 2 کروڑ روپے مالیت کا دوسرا گھر بھی انہوں نے پہلی اہلیہ کو دیا۔ عامر لیاقت کے مطابق پہلی اہلیہ کو بی ایم ڈبلیو گاڑی دلوائی تھی، جسے فروخت کر کے اس کی نقد رقم بھی انہیں ہی کو دی گئی۔
اسی طرح انہوں نے اپنی دوسری بیوی طوبیٰ کے حوالے سے بتایا کہ انہیں 65 لاکھ روپے کی گاڑی اور لاکھوں روپے مالیت کی ٹی وی سکرین لے کر دی، البتہ وہ انہیں گھر کے کر نہیں دے سکے، عامر لیاقت کے مطابق طوبیٰ سے انکی شادی محض ڈھائی سال چلی، اس وجہ سے انہیں وہ گھر نہیں دے سکے۔ رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ طوبیٰ کو ان کی وجہ سے شہرت ملی اور آج وہ بہت آگے جا چکی ہیں مگر پہلے انہیں کوئی جانتا تک نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ وہ پہلی دونوں بیویوں کے لیے دعاگو ہیں کہ وہ مزید ترقی کریں۔
