امیتابھ بچن کا بیگم کے سامنے ہمیشہ غلطی ماننےکامشورہ

بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے شادی شدہ افراد کو مشورہ دیا کہ بیگم کے سامنے ہمیشہ غلطی مان لو ورنہ بیلن چل جائے گا۔
امیتابھ نے اپنے شو کے دوران شادی شدہ زندگی کو سکون سے گزر بسر کرنے کا اپنا فارمولا اور شوہروں کے لیے احتیاطی تدابیر بتائیں۔
شو کے دوران بگ بی نے کہا کہ شوہروں کے لیے سب سے عقلمندی کا کام یہ ہے کہ اگر بیوی غصے میں ہو یا کوئی تنازع کھڑا ہو جائے تو بغیر کسی بحث کے فوراً اپنی غلطی تسلیم کرلیں۔
انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر شوہر نے اپنی غلطی نہ مانی یا الٹا جواب دیا تو پھر ‘جوتے، چپل اور بیلن’ چلنے میں دیر نہیں لگے گی، اس لیے خاموشی میں ہی عافیت ہے۔
امیتابھ کی اس بات پر سیٹ پر موجود تمام حاضرین بالخصوص ان میں موجود شادی شدہ مرد زور دار قہقہے لگانے پر مجبور ہو گئے۔
