کراچی میں نگلیریا سے ایک اور شخص دم توڑ گیا

کراچی میں دماغ خور جرثومے نگلیریا فاؤلری سے مزید ایک شخص دم توڑ گیا۔
رواں سال سندھ میں نگلیریا کی وجہ سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہوگئی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق نگلیریا سےجاں بحق ہونے والا شخص اورنگی ٹاؤن کا رہائشی ہے، جسے 30 مئی کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یکم جون کو مریض میں نگلیریا کی تصدیق ہوئی تھی اور آج وہ انتقال کرگیا، اس کے ساتھ ہی رواں سال سندھ میں نیگلیریا سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہوگئی۔نگلیریا سے انتقال کرنے والے دونوں افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔
رواں سال نگلیریا سے کراچی میں پہلی موت 23 فروری کو ہوئی تھی، جب گلشن اقبال کی رہائشی ایک 36 سالہ خاتون 23 فروری کو ایک نجی ہسپتال میں اس مہلک انفیکشن سے انتقال کر گئ تھیں۔
حکام کے مطابق مریضہ کو 18 فروری کو علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں اور ایک دن بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا، نگلیریا فاؤلری کی موجودگی کی تصدیق مریضہ میں ان کے انتقال کے ایک دن بعد 24 فروری کو ہوئی تھی۔