حکومت کا عوام پر ایک اور پیٹرول بم، پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ کردیا ہے جس کے بعد پٹرول کی قیمت 414 روپے سے تجاوز کر گئی ہے پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا فوری اطلاق کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 9 مئی سے آئندہ ایک ہفتے کیلئے ہوگا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ اس سے قبل ڈیزل کی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر تھی۔
اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں بھی 14 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ پہلے یہ 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول پر لیوی میں 13 روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی مجموعی شرح 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔اسی طرح ڈیزل پر بھی 13 روپے 91 پیسے فی لیٹر لیوی بڑھائی گئی ہے اور نئی شرح 42 روپے 60 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 29 اپریل کو بھی حکومت نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے بعد مہنگائی کے طوفان میں شدت دیکھی جا رہی تھی جبکہ اب ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز بڑھا کر قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ جس نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔
