شہباز گل کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔

تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے اپنے خلاف درج بغاوت کے مقدمے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ جس میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ میرے خلاف بدنیتی پر مبنی مقدمہ خلاف قانون درج کیا گیا، پولیس نے محض حکومت وقت سے وفاداری دکھانے کے لیے پرچہ کاٹا۔

دائردرخواست میں شہبازگل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقدمہ محض حکومت کے سیاسی ایجنڈے کی تسکین کے لیے درج کیا گیا ہے۔ ظلم سے پناہ لینے کے لیے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کے سوا چارہ نہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اخراج مقدمہ کی درخواست منظورکرتے ہوئے میرے خلاف درج ایف آئی آرکالعدم قراردے۔

شہباز گل کی درخواست پرسماعت کل اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق کے روبرو ہوگی۔

دریں اثنا عدالت عالیہ اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر شہباز گل کو نوٹس جاری کردیا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کیے جانے کے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی جب کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون اور کیس کے تفتیشی افسر بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل نے ٹی وی چینل پر ایک بیان دیا ۔ جس کا حکومت نے سنجیدہ نوٹس لیا اور مقدمہ درج کیا، شہباز گل کے بیان میں ملک کے اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا، جن اداروں کے خلاف بیان دیا گیا انہوں نے اس ملک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ عدالت کے کیس کی تفصیلات سے متعلق استفسار کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے ماتحت عدالت کے فیصلوں سے متعلق بتایا۔

عمران نے مونس کو کرپٹ قرار دے کر وزیر بنانے سے انکار کیا

دوران سماعت عدالت نے کہا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ ملزم کا مزید فزیکل ریمانڈ ضروری ہے ؟ آپ نے مزید فزیکل ریمانڈ میں کیا کرنا ہے ؟ عدالت کے استفسار پر وکیل رضوان عباسی نے مزید فزیکل ریمانڈ سے متعلق مختلف عدالتوں کے فیصلوں کے حوالے دیے۔

عدالت کو ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون نے بتایا کہ ملزم سے لیپ ٹاپ ، مختلف ڈیوائسز ابھی نہیں ملیں، وہ ریکور کرنی ہیں۔

عدالت نے شہباز گل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔

Back to top button