عارف حبیب کنسورشیم پی آئی اے کے ’’100 فیصد شیئرز‘‘ کی مالک بن گئی

قومی ایئرلائن کی نجکاری مکمل ہو گئی ۔عارف حبیب کنسورشیم 100 فیصد شیئرز کی مالک بن گئی۔
عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کے بقیہ 25 فیصد شیئرز خریدنے کےلیے رقم جمع کرادی ہے، جس کے بعد اب ایئر لائن کی مکمل ملکیت عارف حبیب کنسورشیم کو منتقل ہوگئی ہے۔
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کا عمل حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔عارف حبیب کنسورشیم کے مطابق معاہدے کی شرائط کو پورا کرتے ہوئے 45 ارب روپے کی بینک گارنٹی جمع کرادی گئی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے نجکاری معاہدے کے تحت عارف حبیب کنسورشیم کو بقیہ 25 فیصد شیئرز خریدنے کا آپشن فراہم کیا تھا،جسے کنسورشیم نے استعمال کرلیا ہے۔ قبل ازیں یہ گروپ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کا مالک تھا۔
عارف حبیب کنسورشیم نے بقیہ 25 فیصد شیئرز کےلیے لیٹر آف کریڈٹ جمع کرادیا ہے جب کہ سٹینڈ بائی ایل سی اور بینک گارنٹی نجکاری کمیشن کو سونپ دی ہے۔عارف حبیب کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ پی آئی اے کو جلد ٹیک اوور کرنے کےلیے بالکل تیار ہیں۔ 28 اپریل آخری تاریخ تھی اور آج باقی شیئرز کے لیے پیشکش بھیج دی ہے۔
عارف حبیب نے کہا کہ نجکاری کمیشن کو کہا ہے کہ ایف بی آر سے جہازوں کےلیے این او سی فوری دلوایا جائے۔
عارف حبیب کا کہنا ہےکہ پی آئی اے کے خسارے میں کمی آئے گی اور طیاروں کی تعداد میں اضافے سمیت بین الاقوامی روٹس پر سروسز کو بہتر بنایا جاسکے گا اور یہ ملکی معیشت اور ہوا بازی کی صنعت کےلیے ایک سنگ ہے۔
اس حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ تمام مالیاتی اور قانونی تقاضے پورے ہونے کےبعد توقع ہےکہ مئی 2026 میں عارف حبیب کنسورشیم پی آئی اے کا مکمل انتظامی کنٹرول سنبھال لےگا۔
خیال رہے کہ پی آئی اے کو خریدنے والا یہ کنسورشیم پاکستان کے بڑے کاروباری گروپس کا مجموعہ ہے، جس میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی،لیک سٹی، فاطمہ گروپ،عارف حبیب لمیٹڈ،دی سٹی سکول، اے کے ڈی گروپ شامل ہیں۔
