افغانستان پاکستان یا خارجیوں میں سے ایک کا انتخاب کرے ،و زیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ردعمل بھرپور اور غیر مبہم ہوگا، اور افغانستان کو واضح کر دیا گیا ہے کہ پاکستان یا خارجیوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشت گردی کی حالیہ لہر کے تناظر میں اعلیٰ سطح سیکیورٹی اجلاس میں شرکت کی۔ دورے کے دوران دونوں رہنماؤں نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے 12 جوانوں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور بنوں سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اجلاس کے دوران کور کمانڈر پشاور نے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کی قیادت اور سہولت کار افغانستان میں روپوش ہیں اور انہیں بھارت کی جانب سے حمایت حاصل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں جاری آپریشنز میں اب تک 35 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 12 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ دہشت گرد تنظیم کو ‘فتنہ الہندوستان’ قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا "دہشت گردی کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رہے گی، کسی قسم کی مصلحت یا ابہام کی گنجائش نہیں ہے۔”

 

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو صاف الفاظ میں پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستان اور خارجیوں میں سے کسی ایک کو چننا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ:

"پاکستانی قوم دہشت گردی پر سیاست یا گمراہ کن بیانیے کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے۔”

وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی پراکسی نیٹ ورکس اور ان کے مبینہ سہولت کاروں پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ:

"جو عناصر دہشت گردوں یا ان کے حمایتیوں کے ساتھ ‘معاملہ فہمی’ کی بات کرتے ہیں، وہ دراصل انہی کے آلہ کار ہیں۔ انہیں بھی وہی جواب ملے گا جس کے وہ مستحق ہیں۔”

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست، عوام اور افواج پاکستان متحد ہو کر دشمن کے خلاف بنیانِ مرصوص کی طرح کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فوری انتظامی اور قانونی اقدامات کیے جائیں۔

مزید برآں، انہوں نے انکشاف کیا کہ دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں میں افغان باشندے ملوث ہیں، جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں اور افغانستان سے آ کر دہشت گردی میں شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے ان افغان باشندوں کے فوری انخلا کو ناگزیر قرار دیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!