اسدقیصرنےجنرل ریٹائرڈباجوہ کوایکسٹینشن دیناغلطی قرار دیدیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینا غلطی قرار دیتے ہوئے قوم سے معافی مانگ لی۔
اسلام آباد میں محمود اچکزئی اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینا ہماری سب سے بڑی غلطی تھی، اور اس سنگین فیصلے پر میں قوم سے معذرت خواہ ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ ایسے کسی فیصلے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
اسی موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ اپریل 2022 کے بعد سے اب تک عوام کی قوتِ خرید میں 60 فیصد کمی آچکی ہے، جو نہایت سنگین صورتحال ہے لیکن اس پر کوئی حکومتی نمائندہ بات نہیں کرتا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہیومن ڈیویلپمنٹ انڈیکس میں دنیا میں 168 ویں نمبر پر ہے، جبکہ 2 کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا، بھارت اور بنگلہ دیش میں شرح خواندگی پاکستان سے زیادہ ہے۔
