وزیراعظم سے بلوچستان کے میٹرک پوزیشن ہولڈرکی ملاقات

 وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے بلوچستان کے ہونہار طالبعلم اکرام اللہ کاکڑ نے ملاقات کی، جنہوں نے میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔

اکرام اللہ کاکڑ جب وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ اکرام اللہ کاکڑ کا خاندان 2022 کے سیلاب میں شدید متاثر ہوا تھا۔ دورہ قلعہ سیف اللہ کے دوران امدادی خیمے میں اکرام اللہ سے ملاقات ہوئی، جہاں انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، اور میں نے ان کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ آج یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ وہ محنت سے اپنے اہداف کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

اکرام اللہ کا کہنا تھا کہ پچھلی ملاقات میں میں نے پوزیشن حاصل کرنے کا وعدہ کیا تھا، جو میں نے پورا کیا اور آج آپ سے ملاقات کے لیے آیا ہوں۔ میں آپ کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کروں گا کیونکہ آپ بھی ملک و قوم کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے یاد دلایا کہ گزشتہ ملاقات میں آپ نے سیاہ رنگ کی شلوار قمیض پہنی تھی اور بتایا تھا کہ علاقے میں کوئی اسکول نہیں، بچے تعلیم کے لیے دور جاتے ہیں اور آپ کو پڑھنے کا بے حد شوق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے میں آپ کو لارنس کالج لے آیا۔ جب خبر ملی کہ آپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے تو مجھے بے حد فخر ہوا۔

Back to top button