آصفہ بھٹو نے ٹک ٹاکر بننے کا فیصلہ کیوں کیا؟

پاکستان میں سیاسی جماعتوں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔پاکستان کے سابق صدر، شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی بیٹی اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹِک ٹاک پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیا۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی اور اپنے فالوورز کو ٹک ٹاک اکاؤنٹ فالو کرنے کا کہا اور ساتھ ہی لکھا کہ ’بالآخر میں نے ٹک ٹاک جوائن کرلیا‘۔آصفہ بھٹو نے نئے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر 20سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ایک قول لکھا ’سیاست کی جنت عوام کے قدموں تلے ہے‘۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں آصفہ بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کی عوامی رابطہ مہم کے چند شاٹس لگائے گئے ہیں جس کے آغاز میں لکھا ہوا ہے کہ ’ترقی و خوشحالی کا پیغام لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ شاملِ کاروان ہیں بی بی آصفہ بھٹو زرداری‘۔

آصفہ بھٹو کے حال ہی میں بنائے گئے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر انہوں نے اپنے بھائی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تصویر لگائی ہے۔ انہوں نے اپنے اکاؤنٹ کے بائیو میں ’ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قابلِ فخر بیٹی، پولیو فری پاکستان کی سفیر‘ لکھا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس خبر کے عام ہونے کے بعد پی پی پی کی حمایت کرنے والے ’ایکس‘ صارفین کی ایک بڑی تعداد آصفہ کے کمنٹ سیکشن میں ان کو ٹک ٹاک پر خوش آمدید کہتے دکھائی دے رہی ہے۔آصفہ بھٹو کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بننے کے بعد ایک جانب جہاں ملک میں آئندہ انتخابی مہم میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی اہمیت پر بات ہو رہی ہے وہیں صارفین کی جانب سے ان کا موازنہ شہید بے نظیر بھٹو سے بھی کیا جا رہا ہے۔

ایک صارف نے آصفہ بھٹو کا موازنہ شہید بے نظیر بھٹو سے کرتے ہوئے لکھا کہ ’بی بی کی تصویر آصفہ بھٹو بے نظیر‘۔

ارمان نامی صارف نے آصفہ بھٹو کی ٹِک ٹاک انٹری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ٹک ٹاکر کہنے والے اب خود ٹِک ٹاک جوائن کر رہے ہیں لیکن تمام لوگ مل کر بھی عمران خان جتنے فالورز اکھٹے نہیں کر سکیں گے۔

جہاں ایک طرف آصفہ بھٹو کو عمران خان کے مقابلے میں ٹِک ٹاک پر انٹری کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں ایک صارف کا ان کے دفاع میں کہنا تھا کہ ہماری لیڈر شپ اب سوشل میڈیا کے تمام فورمز کو استعمال کر رہی ہے جو خوش آئند ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کیونکہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی بہت زیادہ اہمیت ہےاور وہ صرف ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) تک محدود نہیں بلکہ اصل مقابلہ تو فیس بک اور ٹِک ٹاک پر ہو گا۔

سارہ نے آصفہ بھٹو کی توجہ ملک کی بگڑتی ہوئی معیشت اور عوام کی حالتِ زار کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ معیشت کو تیزی سے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم ہندوستان سے 30 سال جبکہ باقی دنیا سے 50 سال پیچھے ہیں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا ویڈیو شیئرنگ ایپ پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فالوورز کی تعداد 7.8 ملین تک جا پہنچی ہے۔

نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 17 ستمبر کو حلف اٹھائیں گے

Back to top button