ایشیا کپ ،یواےای کو41رنزسےشکست،پاکستان سپرفورمرحلے میں پہنچ گیا

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 41 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان کے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

یو اے ای کے خلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔ سفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان نے یو اے ای کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز اسکور کیے تھے ۔گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 14 گیندوں پر 29 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

اس کے علاوہ صائم ایوب صفر، صاحبزادہ فرحان 5، کپتان سلمان علی آغا 20، حسن نواز 3، خوشدل شاہ اور محمد نواز4، 4 اور محمد حارث 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق نے 18رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سمرن جیت سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ سپرفور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ اتوار کو ہوگا۔

 

Back to top button