ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سےپاکستان کے لیے 80 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو مالیاتی طور پر مضبوط بنانے اور عوامی مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے 80 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔
فلپائن میں قائم مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ بہتر وسائل کی وصولی اوراستعمال میں اصلاحات کے پروگرام کے دوسرےذیلی مرحلےمیں 30 کروڑ ڈالر کا پالیسی پر مبنی قرض شامل ہے،اوراے ڈی بی کی طرف سے پہلی مرتبہ پالیسی پر مبنی ضمانت دی جا رہی ہے، جو 500 ملین ڈالرتک ہوگی، جس سےکمرشل بینکوں سےتقریباً ایک ارب ڈالر کی مالی معاونت حاصل ہونےکی توقع ہے۔
اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نےکہا کہ پاکستان نےمعاشی حالات کو بہتر بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے،یہ پروگرام حکومت کے اس عزم کی حمایت کرتا ہےکہ وہ پالیسی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے عوامی مالیات کو مستحکم کرے اورپائیدار ترقی کو فروغ دے۔
یہ پروگرام ٹیکس پالیسی، انتظامیہ اور عمل درآمد کو بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی حمایت کرتا ہے، ساتھ ہی سرکاری اخراجات اور نقدی کےانتظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کرتا ہے۔
ملیرجیل سے 213 فرار ہوئے قیدیوں میں سے 78 کو گرفتار کرلیاگیا : آئی جی سندھ
منیلا میں قائم ادارے نےکہا کہ یہ پروگرام ڈیجیٹلائزیشن، سرمایہ کاری میں سہولت کاری، اور نجی شعبے کی ترقی کو بھی فروغ دیتا ہے، ان اقدامات کا مقصد پاکستان کے مالیاتی خسارے اور عوامی قرض کو کم کرنا ہے، جب کہ سماجی اور ترقیاتی اخراجات کے لیے گنجائش پیدا کرنا بھی ہے۔
اس پروگرام کے تحت ایک جامع معاونتی پیکج بھی فراہم کیا جائے گا، جس میں تکنیکی معاونت اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری شامل ہے، تاکہ پاکستان کو طویل مدتی مالی استحکام اور لچک حاصل کرنے میں مدد ملے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے تصدیق کی کہ اس مالیاتی ادارے نے پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ معاشی امور اور وزارت خزانہ کی قیادت میں سفارت کاری نے اے ڈی بی کے بورڈ میں اکثریتی حمایت حاصل کی۔