اداکارہ عائشہ عمر دو ہفتے کیلئے سوشل میڈیا سے آئوٹ ہوگئیں

معروف کامیڈی سٹ کام ’’بلبلے‘‘ سے شہرت حاصل کرنیوالی اداکارہ عائشہ عمر نے دو ہفتے کے لیے سوشل میڈیا کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنے ساتھ وقت گزارنے کا اعلان کر دیا ہے، اداکارہ کے مطابق وہ صرف اپنی ذات کیساتھ وقت گزاریں گی۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کی اطلاع انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی، انہوں نے لکھا کہ ’ہیلو! میرے دوستو اور میرے ناقدین، میں آج رات سے دو ہفتوں کے لیے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کررہی ہوں، اس دوران میرے پاس نہ موبائل فون ہوگا، نہ انٹرنیٹ، واٹس ایپ/سوشل میڈیا، ٹیکنالوجی اور نہ میرا کسی سے کسی قسم کا رابطہ ہوگا۔
اداکارہ نے مداحوں کو بتایا کہ ان کی غیر موجودگی میں کام سے متعلق وہ کن سے رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ ذاتی نوعیت کے حوالے سے ایمرجنسی کی صورت میں والدہ اور دوست سے رابطہ کریں، عائشہ عمر نے کیپشن میں لکھا کہ وہ اگلے 14 روز کے لیے میں سوشل میڈیا سے دور رہ کر خود کے ساتھ وقت گزارنا چاہتی ہیں۔
عائشہ عمر نے لکھا کہ ذہنی، جسمانی، روحانی، جذباتی، کیمیائی، کمرشل لحاظ سے خود کو تازگی دینے کے لیے وہ 14 روز کے دوران صرف خود کے ساتھ وقت گزاریں گی، ماہ رمضان سے قبل اداکارہ اور میزبان انوشے اشرف نے ’روحانی پاکیزگی‘ کے لئے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کی تھی، انہوں نے لکھا تھا کہ رمضان کے برکت والے مہینے سے قبل میں اپنے دل و دماغ اور روح کی پاکیزگی کے لیے سوشل میڈیا سے ایک ہفتے کے لیے وقفہ لے رہی ہوں۔
یاد رہے کہ پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کی اداکارہ ایمان علی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سوشل میڈیا سے خوش نہیں ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ دوسروں کی توہین کرتے ہیں۔
یہی نہیں بلکہ اداکارہ اشناہ شاہ نے بھی اپنی شادی کے بعد کچھ ہفتوں کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس عارضی طور پر بند کردیا تھا، یاد رہے کہ اشنا شاہ کو اپنی شادی کے جوڑے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
بعد ازاں اداکارہ نے ذہنی صحت کے لیے سوشل میڈیا سے دور رہنے کا اعلان کیا تھا، اشنا شاہ نے لکھا تھا کہ ’میں ذہنی سکون کی خاطر اس سے کچھ عرصے کے لئے کنارہ کشی اختیار کررہی ہوں، اب کچھ وقت شوہر حمزہ امین اور اپنے سسرالیوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
