آزاد کشمیر : وزیراعظم انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد یکم نومبر کو متوقع

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد یکم نومبر کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد آج بھی پیش نہیں کی جا سکے گی اور اب یہ مرحلہ یکم نومبر تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے کل (31 اکتوبر) کو اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی بھی شریک ہوگی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کے پاس تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے مطلوبہ تعداد سے زیادہ اراکین کی حمایت حاصل ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان تحریکِ عدم اعتماد پر فارمولہ طے پا گیا ہے، جب کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے تحریک کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد باضابطہ طور پر تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزارتِ عظمیٰ آزاد کشمیر کے لیے چوہدری یاسین اور لطیف اکبر کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
