باجوڑ بم دھماکہ،اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار سمیت 5 شہید، 16 زخمی

باجوڑ میں صدیق آباد پھاٹک میلہ گراؤنڈ کے قریب بم دھماکا ہوا،اسسٹنٹ کمشنر نواگئی، تحصیلدار نواگئی، دو پولیس اہلکاروں سمیت5افراد شہید،16 دیگر زخمی ہوئے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس سب انسپکٹر نور حکیم کو مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کیا جا رہا تھا، لیکن وہ راستے میں ہی جانبر نہ ہو سکے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر ڈسٹرکٹ اسپتال خار منتقل کیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ابتدائی معلومات کے حوالے سے بتایا کہ اس حملے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے پیچھے مبینہ طور پر دہشت گرد گروہ ’الخوارج‘ ملوث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، شواہد جمع کیے جا رہے ہیں، اور بی ڈی اسکواڈ جائے وقوعہ پر موجود ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا سکے۔ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔