پاکستان پربے بنیاد الزام تراشی بھارتی وطیرہ ہے،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈارکاکہناہے کہ پاکستان پربے بنیاد الزام تراشی بھارتی کا وطیرہ ہے، قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کے خلاف فوری فیصلے کیے جن پر ہم نے عمل درآمد کیا۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جنگ سے قبل ہی ہم دوست ممالک سے رابطے میں تھے، ہم نے دوست ممالک کو اپنے تحمل سے آگاہ کیا، تمام ممالک نے یہی کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی قوت ہیں اس لیے تحمل کا مظاہرہ کریں، ہم نے ہر ملک کے سربراہ و وزیر خارجہ سے کہا کہ ہم حملے میں پہل نہیں کریں گے مگر بھارت کے کارروائی کی تو جواب ضرور دیں گے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے کسی سے سیز فائر کی درخواست نہیں کی پہلے امریکی وزیر خارجہ کا فون آیا کہ بھارت جنگ بندی چاہتا ہے تو ہم نے رضامندی ظاہر کی پھر سعودی عرب، ترکی اور چین سے فون آئے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلگام واقعہ ہوتے ہی بھارتی میڈیا نے پاکستان پر الزام عائد کردیا، پلوامہ کی طرح پہلگام پر بھی انٹرنیشنل میڈیا کو بھارت نے یہی بتایا کہ اس میں پاکستان ملوث ہے حالاں کہ پلوامہ میں بھی ثابت نہیں کرسکے تھے، اس بار پاکستان نے انڈیا کا موقف بکنے نہیں دیا، ہم نے طے کیا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی مگر بھارت نہیں مانا اور کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 7 مئی کو 70 سے 80 بھارتی طیارے پاکستان آئے اور بھارتی طیاروں نے 24 پے لوڈز (بارودی مواد) ریلیز کیے، یہ دہشت گردوں پر نہیں مساجد اور معصوم شہریوں پر گرائے، ہم نے ان کے پانچ طیارے گرائے اس واقعے نے ثابت کردیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے جب کہ ہمارا ایک بھی طیارہ تباہ نہیں ہوا، ہمارے جوابی حملے سے قبل ہی سکھ کمیونٹی کو ہمارے خلاف کرنے کے لیے ان کے علاقے میں بھارت نے خود بم گرائے، جھوٹ پھیلایا گیا کہ ہمارے ایف 16 وہاں گئے، امریکا نے اعلان کیا کہ کوئی ایف 16 نہ اڑا ہے اور نہ گرایا گیا ہے۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے پہلے 24 گھنٹے میں 29 ڈرون پھر اگلے 24 گھنٹوں میں 80 ڈرون بھیجے، صرف ایک ڈرون نے فوجی زمین پر اٹیک کیا جس میں چار فوجی زخمی ہوئے، انہوں نے بیک وقت ہماری کئی بیسز اور ایئرپورٹ پر حملے کیے جس کا ہم نے بھرپور جواب دیا۔

اسحاق ڈارنے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ ہم جب کارروائی کریں گے تو چھپا کر نہیں کریں گے اور ایسا ہی کیا جب ہم نے کارروائی کی تو دنیا نے دیکھی ہم نے کہا کہ حملے کی ویڈیوز ہم خود ریلیز کریں گے اور ریلیز کی، 60 کے قریب وزرائے خارجہ سے بات ہوئی اور موقف پر قائم تھے کہ حملہ ہوگا تو جواب دیں گے پہل نہیں کریں گے، ہم امن کے حامی ہیں، ہمارا جواب دنیا نے دیکھا، ٹیلی گراف نے پاکستانی فوج کی تعریف کی۔

Back to top button