سربراہ پاک فضائیہ سے بیلاروسی چیف آف جنرل کی ملاقات

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سےبیلاروس کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل مورا ویکو پاویل نکولائیوچ کی ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مشترکہ تربیتی مشقوں، دفاعی صنعتی شراکت داری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو باہمی تعاون کا کلیدی ستون قرار دیا۔
ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے اور دفاعی شعبے میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بیلاروس کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل مورا ویکو پاویل نکولائیوچ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور خود انحصاری کے سفر کی تعریف کی۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ دفاعی اور تکنیکی تعاون کو مزید وسیع کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین سٹریٹجک تعلقات کو مستحکم کرنے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بیلاروس کے مابین طویل عرصے سے دفاعی اور معاشی تعلقات قائم ہیں۔ ماضی میں بھی دونوں ممالک کے درمیان عسکری وفود کے تبادلے، مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی پیداوار میں تعاون کے کئی معاہدے ہو چکے ہیں۔

Back to top button