بلاول بھٹو نے اپوزیشن کوغیرسنجیدہ قرار دے دیا

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صدر مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران ہلڑ بازی کرنے پر اپوزیشن کو غیرسنجیدہ قرار دے دیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مجھے افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ اپوزیشن غیرسنجیدہ حرکتیں کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آصف زرداری پہلے صدر ہیں جنہوں نے پارلیمان سے آٹھویں بار خطاب کیا ہے۔صدر نے مملکت نے اپنے خطاب میں جہاں معیشت کی بہتری کے حوالے سے حکومت کی تعریف کی ہے وہیں مسائل کی بھی نشاندہی کی ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ اپوزیشن کے رویے سے محسوس ہورہا ہے کہ ان کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی ہی نہیں۔عوام کے مسائل کو حل کرنا اپوزیشن کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں، یہ صرف اپنی سیاست چمکانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف زرداری کے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران تحریک انصاف نے شدید نعرے بازی کی اور احتجاج کیا۔
اپوزیشن کے احتجاج کے باعث صدر آصف زردری نے ہیڈ فون لگا کر اپنا خطاب مکمل کیا۔