پی ٹی آئی پارلیمانی اجلاس میں تلخ جملوں کا تبادلہ، قیادت پر سمجھوتے کا الزام

اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جس میں بعض ارکان نے پارٹی قیادت کی نیت پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے سمجھوتا کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق واضح موقف رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے قیادت کے ساتھ سخت جملوں کا تبادلہ کیا۔تاہم اسد قیصر نے تردید کرتےہوئے کہاکہ ایسی تمام خبریں بےبنیاد ہیں۔

بعد ازاں رہنما پی ٹی آئی اقبال آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف اختلاف رائے کا اظہار کیا تھا جسے قیادت پر عدم اعتماد کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔

اقبال آفریدی کاکہنا تھاکہ یہ حقیقت ہےکہ اس وقت پارٹی ریاستی جبر کا سامنا کررہی ہے، اس صورت حال سے نمٹنے کی حکمت عملی اپنانے میں معمولی اختلافِ رائےبھی ہوسکتا ہے اور ایسا اختلاف رائے معمول کی بات ہے۔ہم پارلیمنٹ میں صرف دو مقاصد کےلیے ہیں،ایک یہ کہ اپنے حلقوں کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا اور دوسرا یہ کہ عمران خان کی رہائی کےلیے کردار ادا کرنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ قیادت کی رائے سے اختلاف رکھ سکتے ہیں لیکن پُر اعتماد ہیں کہ ہمارے رہنما جیسے اسد قیصر اور عامر ڈوگر واقعی پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ مخلص ہیں اور انہیں ان سے کوئی شکایت نہیں ہے۔

Back to top button