عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا کے خلاف بائیکاٹ مہم کیوں؟

بالی ووڈ انڈسٹری کے مسٹر پرفیکشنسٹ اداکار عامر خان ان دنوں شدید پریشانی میں مبتلا ہیں جسکی بنیادی وجہ ان کی نئی فلم لال سنگھ چڈھا کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی بائیکاٹ کی مہم ہے۔ کچھ عرصہ پہلے پراسرار حالات میں خودکشی کر لینے والے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے مداحوں کی جانب سے بڑے سٹارز کی فلموں کے خلاف چلائی گئی مہم میں کمی نہیں آ سکی اور بڑے بجٹ کی فلموں اور سپر سٹارز کیخلاف سوشل میڈیا پرمسلسل ٹرینڈز بن رہے ہیں۔

اس وقت سوشانت سنگھ کے فین کلب کی جانب سے عامر خان کیخلاف مہم زوروں پر ہے اور بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا کا ٹرینڈ چلا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے بالی ووڈ کے بائیکاٹ کی مہم کا انٹرنیٹ پر ٹرینڈ چلانے کا مقصد سوشانت کی موت کے پیچھے انڈسٹری میں چھپے لوگوں کو سزا دلوانا تھا۔
یہ ٹرینڈ اتنا عام ہوا ہے کہ اب سوشل میڈیا پر ہر بالی ووڈ فلم کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے اور اسے فلاپ کروانے کے پوری کوشش کی جاتی ہے۔

اسی سلسلے میں انٹرنیٹ پر ’بائیکاٹ بالی ووڈ‘ اور ’بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا‘ جیسے ہیش ٹیگ اور ٹرینڈ بھرپور انداز سے چلائے جا رہے ہیں۔ یہ ٹرینڈ اتنا خطرناک ہے کہ اب عامر خان کو بھی اپنی 11 اگست کو آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بارے میں فکر ستانے لگی ہے۔ عامر نے اپنی فلم کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں یہ تک کہہ دیا کہ پلیز میری فلموں کا بائیکاٹ نہ کریں، پلیز میری فلمیں دیکھیں۔ اس سے پہلے لال سنگھ چڈھا میں مرکزی کردار ادا کرنے والی کرینہ کپور نے بھی لال سنگھ چڈھا کی انٹرنیٹ پر ٹرولنگ اور بائیکاٹ مہم کے بارے میں بیان دیا تھا۔ کرینہ کپور کہتی ہیں کہ اب ہر کسی کو سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی آواز بلند کرنے کی سہولت موجود ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز ہیں، جن پر سب اپنی رائے دیتے ہیں، لہٰذا اگر سوشل میڈیا پر آپ کی ٹرولنگ ہوتی ہے تو آپ کو اسے نظر انداز کرنا سیکھنا ہوگا، ورنہ آپ کے لیے جینا ناممکن ہوجائے گا، لہٰذا میں ایسی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتی۔

گورنر بننے والے بلیغ سرائیکی صوبے کے حامی کیوں نہیں؟

بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا ٹرینڈ کے بارے میں کرینہ کہتی ہیں کہ یہ ایک فلم ہے، اس نے ریلیز ہونا ہے اور اس کے بارے سب کی اپنی اپنی رائے ہوگی، اگر فلم اچھی ہوگی تو پھر وہ تمام چیزوں پر حاوی ہوجائے گی۔ دوسری جانب عامر خان نے اپنی فلم کے خلاف جاری مہم کے بارے میں کہا ہے کہ بائیکاٹ بالی ووڈ، بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا‘ اور بائیکاٹ عامر خان جیسے ٹرینڈز پر مجھے افسوس ہوتا ہے، ایسا کرنے والوں کو شاید لگتا ہے کہ مجھے انڈیا پسند نہیں، وہ اپنے دل میں ایسی بات پر یقین رکھتے ہیں لیکن یہ جھوٹ ہے۔ عامر خان نے کہا کہ مجھے اپنے ملک سے بہت پیار ہے، میں ایسا ہی ہوں، لیکن یہ بدقسمتی ہے کہ لوگوں کو ایسا لگتا ہے۔ میں سب کو یقین دِلانا چاہتا ہوں کہ ایسا نہیں ہے لہٰذا پلیز میری فلموں کا بائیکاٹ نہ کریں، پلیز میری فلمیں دیکھیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2015 میں عامر خان انڈیا میں انتہاپسندی کے بارے میں بیان دے کر میڈیا اور دائیں ہاتھ کی جماعتوں کے شکنجے میں آچکے ہیں، اور تب بھی ان کی فلموں کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلا گیا تھا۔ عامر خان اور کرینہ کپور کی فلم لال سنگھ چڈھا 1994 میں ٹام ہینکس کی معروف فلم ’فارسٹ گمپ‘ کا ری میک ہے اور 11 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

Back to top button