پاکستان میں اسلامک بینکاری فروغ کیوں پانے لگی؟

دنیا بھر میں بینکنگ سیکٹر عام شہریوں کی زندگی کو آسان بنانے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رے ہیں، لوگ بینکوں سے قرض لے کر یا کریڈٹ کارڈ کی صورت میں بآسانی ضروریات پوری کرتے ہیں لیکن پاکستان میں بے لگام پالیسیوں، شرح سود کم زیادہ ہوتے رہنے کی وجہ سے عام شہری بینکوں کا رخ کرتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے سبب ہر شخص کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ رہنے کیلئے چھت، اپنی سواری اور کوئی چھوٹا موٹا کاروبار ضرور بن جائے تاکہ وہ اپنی زندگی بہترین طریقے سے گزار سکیں، کاروبار شروع کرنے کیلئے کچھ لوگ بینک سے قرض لینا بھی مناسب سمجھتے ہیں لیکن بعض افراد پہلے ہی گھبرا جاتے ہیں کہ کہیں انہیں بینک کو دُگنے پیسے واپس نہ کرنے پڑ جائیں۔قرض لینے کیلئے کچھ لوگ کنونشنل بینکنگ تو کچھ افراد اسلامک بینکنگ کو چنتے ہیں اگر اسلامی بینکاری کی بات کی جائے تو زیادہ تر افراد کے ذہنوں میں یہی ہوتا ہے کہ شاید یہ نظام ’انٹرسٹ فری‘ ہوگا، لیکن کیا واقعی اسلامی بینکاری ’انٹرسٹ فری‘ ہوتی ہے؟ دوسری جانب آخر اسلامی بینکاری سے کنزیومر کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟ وی نیوز نے ان سب سوالوں کے جوابات ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے۔سکول آف اکنامکس قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر انور شاہ نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک بینکنگ اور عام کنونشنل بینکنگ میں اصل فرق یہ ہوتا ہے کہ کنونشنل بینکنگ کا اصل کنٹریکٹ قرض کا ہوتا ہے جبکہ اسلامک بینکنگ اس سے مختلف ہے۔ کنونشنل بینکوں کا ایک ہی کنٹریکٹ ہوتا ہے کہ مثلاً ایک شہری اگر ایک لاکھ روپے قرض لیتا ہے تو بینک اس سے معاہدے کے مطابق منافع وصول کرے گا۔ ’بینک کہے گا کہ آپ نے لاکھ روپے قرض لیا ہے تو ہمیں اس پر 20 ہزار روپے دینے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں بھی فرمایا کہ رباح حرام ہے جبکہ بے حلال ہے‘۔پروفیسر ڈاکٹر انور شاہ نے بتایا کہ اسلامک بینکنگ کا اصل کاروبار ٹریڈ بیس ہوتا ہے جبکہ پارٹنرشپ کی بنیاد پر کام کم ہوتا ہے۔ ’سب سے زیادہ عام جز ’بے مرابا‘ ہے جس میں یہ ہوتا ہے کہ ایک چیز کی قیمت ایک لاکھ ہوتی ہے اور آپ کہتے ہیں کہ یہ میں آپ کو ایک لاکھ 20 ہزار میں فروخت کروں گا، کیا آپ خریدیں گے، میں آپ کو اصل قیمت اور اس پر اپنا نفع دونوں آپ کے سامنے رکھوں گا اگر آپ رضامند ہوگئے تو ڈیل ہو جائے گی۔اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اسلامی بینکاری سود سے پاک ہے، اگر مالیاتی فوائد کی بات کی جائے تو روایتی بینکاری سے عوام کو زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے لیکن پھر وہ سود سے پاک نہیں ہوتا۔اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے بڑے بینکوں میں شمار ہونے والے ایک بینک کے اعلیٰ عہدیدار رانا عمیر نے اسلامک بینکنگ اور کنونشنل بینکنگ کا فرق بتاتے ہوئے کہا کہ اسلامک بینکنگ میں اثاثہ شامل ہوتا ہے جبکہ کنونشنل بینکنگ میں سارا معاملہ رقم کے ارد گرد ہی ہو رہا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامک بینکنگ میں جب گاڑی دی جاتی ہے تو گاڑی کا رینٹ وصول کیا جاتا ہے، اور کراچی انٹر بینک آفر ریٹ (کیبور) فکس بھی نہیں ہوتا، اگر ریٹ کم ہو جائے تو گاہک کو اس کا فائدہ ہو جاتا ہے جبکہ کنونشنل بینکنگ میں ریٹ فکس کر دیا جاتا ہے۔ ’مثال کے طور پر جو لوگ اسلامک بینکنگ سے قرض لیتے ہیں تو جب ’کیبور‘ کم ہوتا ہے تو بہت فائدہ ہوتا ہے۔ لیکن جب زیادہ ہو جائے تو نقصان بھی ہوتا ہے۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں اسلامک فنانسنگ کا رجحان کافی تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس بات کا اندازہ ایف ڈی اے کی ایک رپورٹ سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں اسلامی بینکاری اور مالیات کے 1679 ادارے کام کر رہے ہیں جن میں سے 560 اسلامی بینک ہیں۔اس وقت اسلامی مالیاتی مارکیٹ کا حجم 4 ٹریلین ڈالر ہے اور اس میں سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد کی شرح سے نمو ہو رہی ہے، 2026 تک اسلامی مالیاتی مارکیٹ کا حجم 5.9 ٹریلین ڈالر تک بڑھنے کا اندازہ ہے، ’ملائیشیا، سعودی عرب، سنگاپور اور اُردن اس وقت اسلامی مالیات اور بینکاری کے حوالے سے کافی آگے بڑھ چکے ہیں۔

Back to top button