کیپیسٹی چارجز ،ایف پی سی سی آئی کا سپریم کورٹ جانے کااعلان

کیپیسٹی چارجز کیخلاف ایف پی سی سی آئی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکرنے کااعلان کردیا۔
ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر عبدالمہیمن خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پوری کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی جانب سے ایف پی سی سی آئی پاکستان کی معیشت اور عوام کو بچانے کے لیے آخری آپشن کے طور پر آئی پی پیز کے ناقابل برداشت کیپیسٹی چارجز کے معاملے کو سپریم کورٹ اور اسپیشل انویسمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے اعلیٰ ترین فورمز میں پیش کرے گی۔
عبدا لمہیمن خان نے کہا کہ آئی پی پیز کے کیپیسٹی چارجزسے متعلق اپنے خدشات کے بار بار اور واضح انداز میں اظہار کے باوجود کاروباری برادری کو ابھی تک مشاورتی عمل میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔کاروباری برادری اس مسئلے کی بنیادی اسٹیک ہولڈر ہے۔۔عوام نے مالی سال 2024 میں تقریباً 2,000 ارب رو پے کے کیپسٹی چارجز ادا کیے ہیں۔اگر یہ صورتحال برقرار رہتی ہے تو یہ کیپیسٹی چارجز مالی سال2025 میں مزید بڑھ کر 2,700 سے 2,800 ارب روپے ہو جائیں گے۔
