کارساز حادثہ:ملزمہ نتاشہ پر منشیات مقدمے میں فردِ جرم عائد

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش پر امتناعِ منشیات کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کر دی۔ ملزمہ نے عدالت میں صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔
عدالت میں سماعت کے دوران نتاشہ کو پیش کیا گیا، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر اور استغاثہ کے گواہوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
نتاشہ کے وکیل کی جانب سے ٹرائل کے دوران حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی، جس پر عدالت نے پراسیکیوٹر سے 3 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔
یہ مقدمہ تھانہ بہادرآباد میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 19 اگست 2024 کو کراچی کے کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص عمران عارف اور اس کی کمسن بیٹی آمنہ جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ چار افراد زخمی ہوئے تھے۔ ملزمہ نتاشہ کو موقع پر گرفتار کیا گیا تھا۔
بعد ازاں، 6 ستمبر کو متاثرہ خاندان اور نتاشہ کے درمیان دیت کے تحت صلح ہو گئی تھی، جس کے بعد عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر نتاشہ کی ضمانت منظور کر لی تھی، جبکہ شوہر دانش اقبال کی 50 ہزار روپے میں عبوری ضمانت کی توثیق بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، ملزمہ کے اہل خانہ نے آمنہ کے خاندان کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد رقم ادا کی، اور ایک رشتہ دار کو کمپنی میں ملازمت بھی دی گئی۔ زخمیوں کو بھی الگ سے رقم ادا کی گئی۔
