میرے بیٹوں کو گرفتار کرنے کا مقصد عمران خان پر پریشر بڑھانا ہے : علیمہ خان

 

 

 

 

 

 

 

علیمہ خان نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹوں کو گرفتار کرنے کا مقصد عمران خان پر پریشر بڑھانا ہے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ ان کے بیٹے شیر شاہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہونا تھی لیکن تفتیشی افسر نے ریکارڈ پیش نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریکارڈ نہ لایا جائے، حالانکہ اسی مقدمے میں دیگر تمام ملزمان کو ضمانت مل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پراسکیوشن جان بوجھ کر کیس کو لٹکانے کی کوشش کررہی ہے۔ مزید کہا کہ ہم بہنیں کل اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کےلیے جارہی ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ان کا مکمل طبی معائنہ کرایا جائے۔

 

 


علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ مجھے اس طرح قید کرکے یہ نہیں توڑ سکتے،پاکستان ہمارا ملک ہے،ہم قربانی دینے کو تیار ہیں۔

دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔دوران سماعت پراسکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کےلیے مہلت مانگی تھی۔

 

 

 

Back to top button