وائٹ ہاؤس کےسچویشن روم میں اہم اجلاس،ٹرمپ کافیلڈمارشل،ایرانی حکام سےرابطہ

ایران کی صورتحال پر  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت سچویشن روم میں اہم اجلاس ہوا جس میں صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانیوں سے فون پر بات کی۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی صورتحال پر سچوئشن روم میں اہم اجلاس کی صدارت کی ہے۔

اجلاس میں موجود دیگر شخصیات میں نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو رُوبیو، وزیر جنگ پیٹر ہیگستھ، وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز کے علاوہ امریکی صدر کے نمائندے اسٹیو وٹکوف، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اور جوائنٹ چیفس کے چیئرمین ڈین کین بھی موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق سچویشن روم میں منعقد اجلاس میں آبنائے ہرمز سے متعلق نئی صورتحال اور ایران سے مذاکرات پر بات پر گفتگو کی گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق اجلاس میں صدر ٹرمپ نے کم سے کم ایک مرتبہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانیوں سے فون پر بات کی۔

واضح رہے کہ یہ اجلاس ایسے وقت منعقد کیا گیا جب 3  روز بعد امریکا ایران جنگ بندی کی 15 روزہ مدت ختم ہورہی ہے۔

صدرٹرمپ نے کہا تھا کہ اسی ہفتے ڈیل متوقع ہے تاہم امریکا ایران مذاکرات کی نئی تاریخ تاحال طے نہیں کی جاسکی۔

اہم امریکی عہدیدار کا کہناہے کہ اگر مذاکرات میں بریک تھرو نہ ہوا تو آئندہ چند روز میں جنگ دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔

وائٹ ہاؤس نے سچویشن روم اجلاس سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

Back to top button