شہباز شریف اور ایرانی صدر کی ملاقات، پاکستان میں سیلابی صورت حال پر اظہار افسوس

ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم اور وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ایرانی صدر نے پاکستان میں سیلابی صورت حال کے باعث ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کو دہرایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی و اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے اور دینی رشتوں کی بنیاد پر قائم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کےلیے مکالمے اور سفارت کاری کو واحد راستہ قرار دیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا اور اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ایران مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایران کےصدر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال کے نتیجے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایرانی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ ہیں۔
