افغانستان نے زبردست مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 8 رنز سے ہرا دیا

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویںمیچ افغانستان نے انگلینڈکو زبردست مقابلے کے بعد8رنز سے ہرا دیا۔
لاہور کے قذاقی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان نے ابراہیم زدران کی 177 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔
واضح رہےکہ ابراہیم زدران نے چند روز قبل انگلش بلے باز بین ڈکٹ کی جانب سے بنایا گیا چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا جب کہ وہ ورلڈکپ کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں بھی افغانستان کی جانب سے سینچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے فل سالٹ صرف 12 رنز بنانے کے بعد عظمت اللہ عمرزئی کا شکار بن گئے جب کہ وکٹ کیپر لے باز جیمی اسمتھ بھی 9 رنز ہی بناسکے۔
آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ اننگز کھیلنے والے بین ڈکٹ بھی 38 رنز بنانے کے بعد راشد خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے جب کہ ہیری بروکس کو 25 رنز پر محمد نبی نے پویلین واپس بھیج دیا۔
انگلش بیٹر جو روٹ ایک اینڈ سے وکٹ پر ڈٹے رہے، انہوں نے اپنی نصف سینچری کو سینچری میں تبدیل کیا، تاہم وہ میچ فنش کرنے سے پہلے 46ویں اوور میں 111 گیندوں پر 120 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 11 چوکے شامل تھے۔
کپتان جوز بٹلر 42 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ لیام لیون اسٹون صرف 10 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 3، محمد نبی نے 2 جب کہ راشد خان اور گلبدین نائب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
