چیمپئنز ٹرافی،آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کو5 وکٹوں سے شکست

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم  میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو5 وکٹوں سے شکست دیکر میچ جیت لیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلینڈ نے بین ڈکٹ کے شاندار 165 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے  جواب میں آسٹریلیا نے ہدف 47.3 اوورمیں حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ اورفل سالٹ نے اننگز کا آغازکیا تاہم دوسرے ہی اوور میں ایلکس کیری کے شاندار کیچ نے فل سالٹ کو پویلین کی راہ دکھا دی۔چھٹے اوور میں جیمی اسمتھ بھی 15 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

43رنز پردو وکٹیں گرنے کے بعد بین ڈکٹ اورجو روٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا،بین ڈکٹ نے شاندار 165 رنز کی اننگزکھیلی، بین ڈکٹ کی اننگز میں 3 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔

جو روٹ  68 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے،انگلش کپتان جوز بٹلر نے 23 ،جوفرا آرچر  نے 21 ، لیام لیونگسٹن نے 14،جیمی اسمتھ نے 15 ،فل سالٹ نے 10 ، برائیڈن کارس نے 8 اور ہیری ببروک نے 3 رنزبنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشس نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ایڈم زمپا، مارنس لبوشین نےدو ،دو اور گلین میکسویل نے ایک وکٹ لی۔

انگلینڈ کی طرح آسٹریلیا کو بھی اننگز کے آغاز میں مشکلات کا سامنا رہا تاہم 27 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد میتھیو شارٹ اور مارنوس لبوشین نے ٹیم کو سہارا دیا اوراہم شراکت قائم کی۔

122 کے مجموعی اسکور پرمارنوس لبوشین 47 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،ان کے بعد  میتھیو شارٹ بھی 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد الیکس کیرے اور جوش انگلس نے قیمتی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 282 تک پہنچادیا،  الیکس کیرے 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 جوش انگلس 86 گیندوں پر120 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے،ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔گلین میکسویل نے 15 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

انگلینڈکی جانب سے مارک ووڈ اور جوفرا آرچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، بریڈن کارس،عادل رشید اور لیام لیونگسٹن کی ایک ایک وکٹ لی۔

Back to top button