چین کی عالمی ثالثی تنظیم قائم،پاکستان نےکنونشن پردستخط کردیئے

پاکستان نے چین کی نئی قائم کردہ بین الاقوامی ثالثی تنظیم (آئی او ایم ای ڈی) کے قیام کے کنونشن پر دستخط کردیئے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نےہانگ کانگ میں بین الاقوامی ثالثی تنظیم کے قیام کے کنونشن پر دستخط کیے، جس کے بعد پاکستان چین کے عالمی ثالثی ادارے میں شریک دستخط کنندہ بن گیا۔

چین نے ہانگ کانگ میں ایک بین الاقوامی ثالثی تنظیم کے قیام کے کنونشن پر دستخط کیے ہیں جسے بیجنگ بین الاقوامی عدالت انصاف کے ہم پلہ لانے اور شہر (ہانگ کانگ) کی عالمی ساکھ کو مضبوط بنانے کی امید رکھتا ہے۔

ہانگ کانگ میں ثالثی کی بین الاقوام تنظیم کے قیام کے لیے دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ میرے لیے ثالثی کی بین الاقوام تنظیم کے قیام کے اس موقع پر پاکستان کی نمائندگی کرنا فخر کی بات ہے۔ آج یہ تقریب نہ صرف عالمی ثالثی اور سفارتی کاری میں ایک نئے دور کے آغاز کی علامت ہے، بلکہ ملٹی لیٹرل ازم اور ثالثی کے اصولوں کی حمایت کے لیے ایک نئی عالمی تنظیم کے قیام کا لمحہ بھی ہے۔

اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ  یہ انیشی ایٹیو مجھے ایشین انفرا اسٹرکچر بینک کے قیام کی صورت میں کچھ برس قبل اٹھائے گئے ایک اور یادگار چینی اقدام کی یاد دلاتا ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ثالثی کی بین الاقوام تنظیم کے بانی ارکان میں شامل ہونے پر فخر ہے۔

 وزیرخارجہ نےمزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر حل طلب مسئلہ جنوبی ایشیا میں تنازع اور جھڑپوں کا بنیادی سبب ہے، اس تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق فوری حل کیے جانے کی ضرورت ہے۔

Back to top button